سری دیوی کی موت کی تحقیقات مکمل، دبئی پولیس نے بالآخر اعلان کردیا، معمہ حل ہوگیا
دبئی: دبئی پبلک پراسیکیوشن نے بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی کی موت کی تحقیقات بند کرتے ہوئے لاش ورثاءکے حوالے کر دی ہے۔ دبئی کے پبلک پراسیکیوٹر دفتر نے بھارتی اداکارہ سری دیوی کی موت کا معمہ حل ہونے پر لاش ورثاءکے حوالے کر دی اور اس ضمن میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان بھی کیا۔ دبئی میڈیا آفس کی جانب سے جاری ہونے والی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے اس طرح کی اموات میں تمام تحقیقات اور کاروائیاں پوری ہونے کے بعد بالی اداکارہ کی لاش ورثاءکے حوالے کر دی ہے، انصاف کے تقاضوں کو یقینی بنانے اور واقعے کے تمام محرکات کا جائزہ لینے کیلئے قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے تمام اقدامات بروئے کار لائے گئے۔
واضح رہے کہ 24 فروری کو سری دیوی کی دبئی کے امیریٹس ٹاور ہوٹل میں باتھ ٹب میں موت ہوئی تھی۔ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ سری دیوی کی موت اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی تاہم بعد ازاں پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان کی موت باتھ روم میں پانی کے ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی۔
ابتدائی طور پر سری دیوی کی موت کی تحقیقات دبئی پولیس نے کی تھی جس کے بعد دبئی پبلک پراسیکیوشن نے بھی اس کی تحقیقات کیں تاہم دبئی انتظامیہ نے آج دوپہر کو تحقیقات بند کر کے لاش بھارتی حکام کے حوالے کر دی ہے۔
دبئی انتظامیہ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کے ذریعے بتایا گیا کہ اداکارہ کی موت کی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد ان کی لاش ان کے خاندان کے حوالے کردی گئی۔ سری دیوی کے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ پانی کے ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اداکارہ نے شراب پی رکھی تھی جس وجہ سے وہ نہاتے وقت بے ہوش ہوگئیں تھیں اور پانی کے ٹب میں ڈوبنے سے چل بسیں۔