بالی ووڈ سے متاثر ہونا ٹھیک نہیں، منشاء پاشا
لاہور: اداکارہ منشاء پاشا نے کہا ہے کہ موجودہ دورکی پاکستانی فلم انڈسٹری بالی ووڈ سے متاثرہے جب کہ ہمیں اپنی کہانیوں پرتوجہ دینی چاہیے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے منشاء پاشا نے کہا کہ کسی بھی فلم کی کامیابی میں سب سے زیادہ اہم کرداراسکرپٹ کا ہوتا ہے۔ ماضی کی بات کریں یا موجودہ دورکی، جن فلموں کی کہانیاں جاندار تھیں ، انہی فلموں کو لوگوں نے باربار دیکھا۔
اداکارہ نے کہا کہ بلاشبہ ہمارے ہاں اچھی فلمیں بنائی جارہی ہیں لیکن جہاں تک بات کسی مقام پرپہنچنے کی ہے یا مقابلے کی تو اس میں ابھی وقت لگے گا۔ یہ ایک طویل سلسلہ کارہے، جس پرچلتے ہوئے ہمیں ایک دن اپنی منزل ضرورمل جائے گی۔
منشاء نے کہا کہ پاکستان میں بننے والی فلمیں جدید ٹیکنالوجی سے بنائی جارہی ہیں اوراس وقت سب کا فوکس ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہے، مگرمیرے نزدیک سب سے پہلی ترجیح کہانی کودی جانی چاہیے، جب ایک کہانی اچھی ہوتی ہے تو پھر اس کے کرداربھی جانداربن جاتے ہیں۔
ایک سوال جواب میں منشاء پاشا نے کہا کہ میں نے ابھی تک خود کوفلم، ٹی وی یا تھیٹرتک محدود رکھنے کا نہیں سوچا۔ مجھے توبس اچھی کہانی اورسکرپٹ سے غرض ہے۔ وہ چاہے فلم کا ہویا ٹی وی اور تھیٹر کا۔ مجھے توبس اچھا کام کرنا پسند ہے، جس میں اداکاری کا زیادہ سے زیادہ موقع ملے۔ اسی لیے میں نے اپنے آپ کوکسی ایک شعبے تک محدود رکھنے بارے سوچا نہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ موجودہ دورکے فلم میکرز کومرچ مصالحے والی فلموںکے بجائے بہترین فلمیں بنانے پرتوجہ دینی چاہیے۔ تبھی ہماری ایک الگ پہچان بنے گی۔