بھارتی اداکارہ دپیکا ککڑ نے مسلمان ہونے کی تصدیق کردی
ممبئی: بھارتی ٹی وی کی مقبول ترین اداکارہ دپیکا ککڑ نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہندو مذہب چھوڑ مسلمان ہوگئی ہیں۔ بھارتی ٹی وی کے نجی چینل کے مقبول ترین ڈرامے’’سسرال سمر کا‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ دپیکا ککڑ نے اپنے مسلمان ہونے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ بھارتی ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کے مطابق دپیکا نے ایک انٹرویو کے دوران مسلمان ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہاں یہ سچ ہے کہ میں مسلمان ہوگئی، لیکن میں اس بارے میں مزید کچھ بتانے کی ضرورت محسوس نہیں کرتی کیونکہ یہ میرا نجی معاملہ ہے، میں سمجھتی ہوں کہ مجھے اس حوالے سے میڈیا کے سامنے کھل کر بات کرنے کی ضرورت نہیں۔ اپنے چاہنے والوں اور میڈیا کیلئے ہم ہمیشہ اپنی ہر خوشی شیئر کرتے ہیں لیکن یہ بہت نجی معاملہ ہے اور میں کسی کو بھی اپنے نجی معاملات میں داخلے کی اجازت نہیں دوں گی۔
دپیکا نے مزید کہا کہ میں مسلمان ہونے پر بہت خوش ہوں اور مجھے اس پر فخر ہے کیونکہ میں نے یہ اقدام اپنے لیے کیا ہے اور میرے گھر والے بھی اس فیصلے میں میرے ساتھ ہیں، اور میرے اس اقدام کا مقصد کسی کے جذبات مجروح کرنا نہیں ہے۔
دپیکا کے شوہر شعیب ابراہیم نے اپنی بیوی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشہور لوگ ہمیشہ لوگوں کی مرکز نگاہ ہوتے ہیں، کچھ لوگ آپ سے محبت کرتے ہیں لیکن کچھ لوگ آپ کی حوصلہ شکنی کی بھی کوشش کرتے ہیں۔ ہم ہمیشہ اپنے گھر والوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے فیصلے کرتے ہیں، اگر وہ لوگ خوش ہیں تو دنیا ہمارے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی۔ میں خود کو مشہور شخصیت کے طور پر نہیں دیکھتا، ہم بہت سادہ لوگ ہیں اور سادہ زندگی جینا پسند کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ دپیکا اور شعیب گزشتہ کئی برس سے ایک ساتھ تھے، بعد ازاں دونوں نے 22 فروری کو شادی کا فیصلہ کیا۔ دپیکا اور شعیب کی شادی کے چرچے کئی روز تک بھارتی میڈیا پر جاری رہے۔ دونوں کی شادی اسلامی رواج کے مطابق شعیب کے آبائی شہر بھوپال میں انجام پائی۔
شادی کے وقت میڈیا میں خبریں گردش کررہی تھیں کہ دپیکا نے ہندو مذہب چھوڑ کردائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد شعیب سے شادی کی ہے، جب کہ سوشل میڈیا پر ان کی شادی کے کارڈ کی تصویر بھی گردش کررہی تھی جس میں دپیکا کے نام کی جگہ’’فائزہ‘‘لکھا تھا۔