رواں سال کا اختتام دپیکا، رنویر کی شادی پر؟
بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ دپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ کی دوستی سے تو سب ہی واقف ہیں اور مداح بھی بے صبری سے ان کی شادی کا انتظار کر رہے ہیں ایسے میں دونوں کی شادی ممکنہ طور پر رواں برس کے آخر میں طے پا گئی ہے۔
بھارتی ویب سائٹ ممبئی مرر کے مطابق رنویر سنگھ اور دپیکا رواں برس کے آخر میں شادی کر رہے ہیں، جس میں پورے ہندو رسوم و رواج ادا کیے جائیں گے۔
اس سے قبل دونوں کی شادی رواں برس جون یا جولائی میں ہونے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق دونوں کے اہل خانہ نے گزشتہ ہفتے ملاقات کی اور شادی کی تقریبات کے حوالے سے معاملات طے کیے، جس کے دوران شادی کی تاریخ ستمبر سے دسمبر کے درمیان طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اہل خانہ نے شادی کی تیاریاں بھی شروع کردی ہیں جبکہ شادی کی تقریبات بھارت میں یا بیرون ملک منعقد کرنے کے حوالے سے غور کیا جارہا ہے۔
رنویر اور دپیکا کی شادی میں رشتہ داروں کے علاوہ صرف قریبی دوستوں کو مدعو کیا جائے گا اور انہیں میڈیا سے دور رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔
ان رپورٹس پر جہاں کچھ مداح خوشی کا اظہار کر رہے ہیں وہیں کچھ شش و پنج میں بھی مبتلا ہیں کیونکہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ دونوں کی شادی کا اعلان ہوچکا ہے۔
اب یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ یہ شادی کب ہوگی۔