دپیکا اور رنویر کی شادی ہوچکی، بھارتی ویب سائٹ کا دعویٰ
ممبئی: 2 دن قبل ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ رواں برس کے اختتام میں شادی کرلیں گے۔ خبر کے مطابق رنویر اور دپیکا رواں برس ستمبر یا دسمبر کے کسی بھی چار دنوں میں شادی کریں گے، تاہم ان کی شادی کی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی تھی۔
اداکاروں کے قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ رنویر اور دپیکا کے والدین نے حال ہی میں پہلی بار ملاقات کی، جس میں دونوں اداکاروں کی شادی کا فیصلہ طے پایا۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اداکاروں کے والدین کی ملاقات کے بعد دپیکا پڈوکون کی والدہ اور بہن ان کے لیے جہیز کی خریداری بھی شروع کردی۔
تاہم اب ایک معروف بھارتی شوبز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ دراصل دونوں اداکاروں کی شادی ہوچکی، دکھاوے کے لیے تقریب ہونا ابھی باقی ہے۔
سی این این نیوز 18 اور سی این بی سی ٹٰی وی 18 جیسے نشریاتی اداروں کے مالک میڈیا گروپ نیٹ ورک 18 کے تحت چلنے والی معروف شوبز ویب سائٹ ’فرسٹ پوسٹ‘ کے مطابق رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون نے انتہائی رازداری سے شادی کرلی۔
ویب سائٹ نے اپنی خبر میں دعویٰ کیا کہ انہیں اداکاروں کے قریبی دوستوں نے شادی کی تصاویر بھی فراہم کی ہیں، تاہم ویب سائٹ نے تصاویر کو شائع نہیں کیا۔
ویب سائٹ میں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ دپیکا اور رنویر کی شادی کس تاریخ کو اور کس مقام پر ہوئی، تاہم بتایا گیا کہ شادی کی تقریب انتہائی رازاداری میں منعقد کی گئی۔
خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شادی کی تقریب میں دولہا اور دلہن کے علاوہ صرف 15 افراد نے شرکت کی۔
بتایا گیا ہے کہ شادی کے موقع پر دپیکا پڈوکون نے معروف ڈیزائن ہاؤس ’سابیا ساچی‘ کی چولی اور اسکرٹ جب کہ رنویر سنگھ نے ڈیزائنر نریندرا کمار کے کپڑے زیب تن کیے۔
انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ نے خبر میں دعویٰ کیا ہے کہ دونوں اداکاروں نے شادی کرلی ہے، بس اب شوبز، صحافیوں، رشتہ داروں اور دوستوں کے لیے دعوتوں اور تقاریب کا اہتمام کرنا باقی ہے۔
شوبز ویب سائٹ کی خبر سامنے آنے کے بعد دپیکا اور رنویر نے تاحال کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا۔