کنگنا رناوت کا آئٹم سانگز پر پابندی کا مطالبہ
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے بھارتی فلم نگری میں آئٹم سانگز (گانوں) پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ کنگنا رناوت ان چند اداکاراؤں میں شامل ہیں جنہوں نے بھارتی فلم نگری میں اقرباپروری کے خلاف آواز بلند کی۔
کنگنا بہترین اداکاری کے باعث بھارت میں 3 نیشنل ایوارڈز بھی اپنے نام کرچکی ہیں اور اس وقت ان کا شمار بالی وڈ کی مہنگی ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔
نیشنل ایوارڈ یافتہ فلم ’کوئین‘ کی ہیروئن کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ان کی فلمیں کسی بڑے نام کے بغیر ہی 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں کنگنا رناوت نے فلموں میں آئٹم سانگز پر پابندی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ فلموں میں کبھی آئٹم سانگ نہیں کرنا چاہتیں کیوں کہ آئٹم سانگز صرف فحاشی کو بڑھاوا دیتے ہیں۔
کنگنا کا کہنا تھا کہ ’میں ایسی کسی چیز کا حصہ نہیں بن سکتی جو ہمارے معاشرے اور بچوں کے لیے نقصان دہ ہو کیوں کہ کل کو میری یا آپ کی بیٹی ہوگی تو کیا ہم چاہیں گے کہ اسے اس طرح کی چیزیں بنائی جائیں۔‘