مسلمان ہونے کی وجہ سے ممبئی میں گھر نہیں لے سکتی، شیریں مرزا
ممبئی: بھارتی ٹی وی کی نامور اداکارہ شیریں مرزا نے بھارت کا متعصبانہ چہرہ سب کے سامنے لاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مسلمان ہونے کی وجہ سے ممبئی میں رہائش اختیار کرنے نہیں دی جارہی۔ بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین ڈرامے’’یہ ہیں محبتیں‘‘کی نامور اداکارہ شیریں مرزا (سیمی) نے بھارت کا متعصبانہ چہرہ دنیا کے سامنے لاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مسلمان ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔ شیریں نے فیس بک پر ممبئی میں گزارے گئے 8 سالوں کا برا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ 8 سال سے ممبئی میں رہائش پزیر ہوں لیکن آج تک اپنا گھر نہیں لے سکی کیونکہ میں مسلمان ہوں۔
شیریں نے کہا کہ میں جب ممبئی میں بروکرز سے گھر کے حوالے سے بات کرتی ہوں تو وہ مجھے غیرشادی شدہ اور مسلمان ہونے کی بنیاد پر اتنے مہنگے گھر دکھاتے ہیں جو میری قوت خرید سے باہر ہوتے ہیں، اس حوالے سے جب میں نے کچھ لوگوں سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ یہاں مسلمانوں کو گھر ملنا بے حد مشکل ہے۔ جب کہ مجھے یہ مشورہ بھی دیا گیا کہ اپنی کسی دوست کے نام سے گھر لے لوں، لیکن خیال رکھنا وہ دوست بھی مسلمان نہیں بلکہ ہندو ہو۔
شیریں مرزا نے مزید کہا ہمارے(ہندو اورمسلمان کے) خون میں کوئی فرق نہیں، پھر کیوں یہاں مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کیاجاتا ہے، مجھے اس بات کا بے حد صدمہ ہوا کہ جہاں میں نے 8 سال گزارے اس شہر میں میرے لیے کوئی جگہ نہیں۔