فلم مالک پر پابندی، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے جواب طلب
ہائی کورٹ نے پاکستانی فلم مالک کی نمائش پر پابندی کے خلاف درخواست پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کر لیا، فلم مالک معاشرتی برائیوں پر مبنی ہے جس پر وفاقی حکومت پابندی عائد کرچکی ہے.
فلم پر پابندی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کی عدالت میں شہری عبداللہ ملک کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد اب کسی بھی فلم کی نمائش پر پابندی عائد کرنا صوبائی حکومت کا اختیار ہے تاہم وفاقی حکومت نے ملک بھر میں فلم مالک پر پابندی عائد کر دی جو غیر قانونی ہے، سنسر بورڈ پنجاب کی جانب سے سرٹیفیکیٹ جاری ہونے کے بعد صوبے بھر میں فلم کو نمائش کی اجازت نہیں دی جا رہی جو قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق فلم میں کرپشن اور معاشرتی برائیوں کے خلاف شعور اجاگر کیا گیا ہے اس فلم میں ریاست اور آئین کے خلاف ایسا کوئی مواد نہیں جس کی وجہ سے اس پر پابندی عائد کی جا سکے لہذا عدالت فلم مالک کی نمائش پر پابندی کالعدم قرار دیتے ہوئے نمائش کی اجازت دے۔