انٹرٹینمنٹ

میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف قانونی معاونت حاصل کرلی

گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے گلوکار و اداکار علی ظفر کے خلاف  جنسی ہراساں کیے جانے کے الزامات کے حوالے سے قانونی معاونت حاصل کرلی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے میشا شفیع نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا، تاہم علی ظفر نے اس کی تردید کردی تھی۔

گذشتہ روز گلوگار کی جانب سے میشا شفیع کو قانونی نوٹس بھی بھجوا دیا گیا، جس میں ان سے معافی کا مطالبہ کیا گیا۔

اب میشا شفیع نے اس کیس کے سلسلے میں قانونی معاونت حاصل کرنے کا اعلان کردیا۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں میشا نے لکھا کہ ‘انہوں نے علی ظفر پر جنسی ہراساں کیے جانے کے الزامات سے متعلق کیس کے لیے بیرسٹر محمد احمد اور نگہت داد کی خدمات حاصل کی ہیں’۔

میشا کا مزید کہنا تھا کہ ‘کیس کے تمام معاملات بیرسٹر محمد احمد اور نگہت داد دیکھیں گی، میڈیا سے گزارش ہے کہ اس کیس کے حوالے سے کسی بھی قسم کی اَپ ڈیٹ کے لیے ان کے وکلاء سے رابطہ کریں’۔

اداکارہ میشا شفیع کے وکیل احمد پنسوتا نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج ہی میشا نے باضابطہ وکیل مقرر کیا ہے معاملےکا ہر پہلو سےجائزہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تو سوشل میڈیا پر لڑائی چل رہی ہے جب دوسری طرف سے قانونی معاملہ آئےگا تو اس کی روشنی میں لائحہ عمل بنائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ میشاشفیع کی دوسری وکیل نگہت داد اٹلی میں ہیں تب تک ہم دیکھیں گے علی ظفر کی طرف سے کیا ہوتا ہے اور ہمیں کیا کرنا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں علی ظفر پر ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا جس کی علی ظفر نے تردید کردی تھی۔

گذشتہ روز علی ظفر کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں گلوکار نے موقف اختیار کیا تھا کہ میشا شفیع نے ان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے اور ہراساں کرنےکا جھوٹا دعویٰ کیا ہے۔

قانونی نوٹس میں علی ظفر کا کہنا تھا کہ میشا شفیع دو ہفتوں میں معافی مانگیں ورنہ 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close