سری دیوی کو بعد ازمرگ نیشنل ایوارڈسے نوازدیاگیا
نئی دہلی: بھارتی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کو بعد ازمرگ فلم ’موم‘ میں بہترین اداکاری کرنے پرنیشنل ایوارڈ سے نوازدیا گیا۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 65 ویں نیشنل ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں آنجہانی اداکارہ سری دیوی کو بہترین اداکارہ کے نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا جو ان کے شوہر ہدایت کاربونی کپور اور ان کی دونوں بیٹیوں خوشی اورجھانوی کپورنے وصول کیا۔
سری دیوی کی بڑی بیٹی جھانوی کپورتقریب میں اپنی ماں کی پسندیدہ ساڑھی زیب تن کرکے شریک ہوئیں۔ سری دیوی کو نیشنل ایوارڈ فلم ’موم‘ میں بہترین اداکاری پر دیا گیا۔ اس فلم میں سری دیوی نے ایسی ماں کا کردارادا کیا تھا جو اپنی بیٹی کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو ان کے انجام تک پہنچاتی ہے۔
اس موقع پر جھانوی کپور نے تقریب میں شرکا سے کہا میں تمام جیوری ممبرز اورحکومت کا شکریہ اداکرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میری والدہ کے کام کوسراہا اور انہیں اس ایوارڈ سے نوازا، یہ ہمارے خاندان کیلئے بہت اہم لمحات ہیں۔
واضح رہے کہ سری دیوی دوماہ قبل دبئی میں باتھ ٹب میں ڈوب کرہلاک ہوگئی تھیں ان کی موت پران کے چاہنے والوں سمیت پوری بالی ووڈ انڈسٹری سوگ میں ڈوب گئی تھی۔