مسلم ماڈل کو حجاب کی وجہ سے بیوٹی مہم کا حصہ بننے سے روک دیا گیا
لندن: مسلم ماڈل ماریا ادریسی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں حجاب پہننے کے باعث بیوٹی (اشتہاری) مہم میں شامل کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ ماریا ادریسی نے بتایا کہ انہیں حجاب پہننے کی وجہ سے بیوٹی مہم میں شامل نہیں کیا گیا۔
ماریا نے کہا کہ وہ یہ سن کر صدمے کا شکار ہوگئیں کہ انتظامیہ نے انہیں بورڈ میں اس وجہ سے شامل نہیں کیا کہ وہ حجاب پہننے اور مسلمان ہونے کے باعث کم خواتین کو اپنی جانب مائل کر پائیں گی۔
ایک انٹرویو کے دوران ماریا نے انکشاف کیا کہ انہیں میری شخصیت سے اور میری ماڈلنگ کی قابلیت سے کچھ لینا دینا نہیں، ان کا ماننا ہے کہ میں حجاب پہنتی ہوں اس لیے لوگ ان کے پراڈکٹ (لباس) نہیں خریدیں گے۔
ماریا کا مزید کہنا تھا کہ یہ بیوٹی مہم ان کے لیے ایک بہت بڑی ڈیل تھی لیکن انتظامیہ نے ان کے ساتھ معاہدہ کرنے سے انکار کردیا جس کی وجہ سے وہ ابھی تک صدمے کا شکار ہیں، تاہم ماریا نے ان کے ساتھ معاہدے سے انکار کرنے والی آؤٹ لیٹ اور بیوٹی برانڈ کا نام بتانے سے گریز کیا۔