سردیوں میں پاکستانی چائے والے کی دھوم تو گرمیوں میں سوشل میڈیا پہ تربوز والا چھا گیا
ایک وقت تھا جب چائے بیچتا ہوا سبز آنکھوں والا ایک لڑکا انٹرنیٹ پر چھایا ہوا تھا جس کی شہرت نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سے ہوتے ہوئے پوری دنیا تک پھیل چکی تھی ۔ سوشل میڈیا پر ملنے والی شہرت نے چائے والے کے دن پھیرے اور وہ ماڈلنگ کے شعبے میں آگیا۔ ارشد خان چائے والا کی شہرت اور اس کی زندگی بدلنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس رمضان میں ایک تربوز والا ڈھونڈ نکالا ہے جس کی آنکھیں بھی سبز ہیں اور اس کی مسکراہٹ بھی شاندار ہے۔جب سے سوشل میڈیا پر اس تربوز والا کی تصویر منظر عام پر آئی ہے لوگ اس کی خوبصورتی کے بارے میں بات کرتے نہیں تھک رہے اور اسے چائے والا سے زیادہ خوبصورت قرار دے رہے ہیں۔ انسٹا گرام سے ٹوئٹر تک اسی تربوز والا کے چرچے ہیں اور لوگ اسے بھی سخت محنتی نوجوان قرار دے رہے ہیں۔تربوز والا کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر کسی نے کراچی میں افطار سے قبل بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی لیکن تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ تربوز والا پھل فروش نہیں بلکہ ایم بی بی ایس کا طالبعلم ہے۔ تربوز والا کا نام محمد اویس ہے اور وہ ضیا الدین میڈیکل یونیورسٹی کراچی میں ایم بی بی ایس کا طالبعلم ہے۔ڈاکٹر اویس کو بھی اپنی تصویر کے وائرل ہونے کا بخوبی علم ہے اسی لیے اس نے پنی پروفائل پکچر کے طور پر یہی تصویر لگا رکھی ہے اور اس کے ساتھ کیپشن ” ڈاکٹر تربوز والا “لکھ دیا ہے۔