غلطی سے سرحد پار کرنے والی گائے کو سزائے موت سنادی گئی
بلغاریہ سے سرحد عبور کر کے سربیا کی حدود میں داخل ہونے والے گائے کو ’غیر قانونی ہجرت‘‘ کے قانون کے تحت سزائے موت سنادی گئی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز بلغاریہ کے سرحدی علاقے میں واقع ایک گائے غلطی سے سرحد عبور کر کے غیر یورپی یونین ملک سربیا کی سرحد میں داخل ہوگئی تھی۔ سرحد کے پار سربیا کے دیہاتیوں نے گائے کو پکڑ کر دیکھ بھال شروع کردی۔ اس دوران گائے کے مالک نے سرحد پر پٹرولنگ کرنے والے اہلکاروں سے رابطہ کیا جنہوں نے گائے کو سربیا کے دیہاتیوں سے لے کر مالک کے حوالے کردیا اور یوں گائے دوبارہ بلغاریہ پہنچ گئی۔تاہم بلغاریہ کی انتظامیہ نے گائے کی آئینی دستاویزات اور قانونی ضروریات پوری کیے گئے بغیر سربیا کی سرحد عبور کر کے بلغاریہ میں داخلے کا سخت ایکشن لیتے ہوئے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کے جرم میں گائے کو سزائے موت سناتے ہوئے کہا کہ قانونی بات یہ ہے کہ جرم سرزد ہوا ہے لیکن کس سے ہوا ہے یہ اہم نہیں ہے۔ آئینی دستاویزات کے بغیر سرحد عبور کرنا سنگین جرم ہے جس کی سزا موت ہے۔گائے کو اس طرح سزائے موت سنائے جانے کے بعد سوشل میڈیا میں اس فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے صارفین نے شدید نکتہ چینی کی اور دنیا بھر میں یہ ٹرینڈ بن گیا۔واضح رہے کہ سربیا یورپی یونین میں شامل نہیں جب کہ بلغاریہ یورپی یونین میں شامل ملک ہے جہاں غیر یورپی یونین ممالک سے سخت اختلافات کے باعث امیگریشن کے سخت قوانین موجود ہیں اور سخت جانچ پڑتال اور تھکا دینے والی کاغذی کارروائی کے بعد ہی غیر یورپی یونین ممالک کے افراد کو داخلے کی اجازت ملتی ہے۔