لالی وڈ۔تین بہترین فلمیں اگلے ہفتہ سینماؤں کی زینت بنیں گی
پاکستا ن میں فلمیں بننے میں تیزی آگئی ہے اور اس بات کا اندازہ یوں بھی لگایا جاسکتا ہے کہ آنے والے جمعہ کو بیک وقت تین پاکستانی فلمیں باکس آفس پر ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔یہ تین فلمیں ہیں نور بخاری کی ’عشق پازیٹو‘، فیصل بخاری کی ’بلائنڈ لو‘ اور جمال شاہ کی ’ریوینج آف دا ورتھ لیس‘۔اب اسے اتفاق کہیں یا پالیسی ۔۔۔تین میں سے ’ڈھائی نام‘ انگریزی ہیں۔ پاکستانی باکس آفس پر جہاں ’گجر‘ ، ’بادشاہ‘ اور لڑکیوں کے ناموں مثلاً ’نائلہ‘، ’شمع‘ اور’زبیدہ‘ سے بات آگے نہیں بڑھتی تھی؛ اب اسی باکس آفس پر انگریزی ناموں سے اردو فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں۔۔۔ اسے بھی اچھی اور نئی سوچ کا نام دیا جانا چاہئے۔
’ریونیج آف دا ورتھ لیس‘ کی کہانی سوات کے بگڑے حالات، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فوجی کارروائیوں اور حالات کے ہاتھوں ستائے عوام کی قربانیوں کے گرد گھومتی ہے، جبکہ فلم کی کاسٹ میں ایوب کھوسو، فردوس جمال اور شامل خان نمایاں ہیں۔
’عشق پازیٹو‘ میوزیکل فلم ہے۔ اس کی پوسٹ پروڈکشن بھارت میں مکمل ہوئی ہے۔ متعدد نئے چہرے فلم کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔
’عشق پازیٹو‘ میں بالی وڈ اداکار سونو سود بھی کیمو کے کردار میں نظر آئیں گے۔
’بلائنڈ لو‘ کو عیدالفطر پر ریلیز ہونا تھا۔ لیکن، عید پر چونکہ سلمان خان کی ’سلطان‘ نے بھی ریلیز ہونا تھا اس لئے ’بلائنڈ لو‘ کو اب ریلیز کیا جارہا ہے ۔
تینوں فلمیں 22 جولائی کو پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کردیا جائے گا۔