انٹرٹینمنٹ

کیا رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہورہے ہیں؟

بالی وڈ حسینہ انوشکا شرما کی ویرات کوہلی سے شادی کے بعد جیسے بھارتی فلم نگری میں شادیوں کا موسمِ بہار آگیا ہے۔ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی گزشتہ برس دسمبر میں اٹلی کے شہر میلان میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

اس کے بعد بالی وڈ کی بہترین اداکاراؤں میں سے ایک دپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ کے معاشقے اور شادی کی خبریں گرم ہوگئیں۔

ابھی شائقین کی توجہ دپیکا اور رنویر سنگھ کی شادی کی طرف مبذول ہوئی ہی تھی کہ سینیئر اداکار انیل کپور کی بیٹی اداکارہ سونم کپور نے اپنے دیرینہ دوست آنند آہوجا سے شادی کا اعلان کردیا۔

8 مئی 2018 کو سونم کپور اور آنند آہوجا شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔ سونم کپور کی شادی کے بعد یہ خبریں سامنے آئیں کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون بھی رواں برس ہی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر اور دپیکا کی شادی کے لیے 10 نومبر کی تاریخ منتخب کی گئی ہے۔ اس خبر نے دپیکا کے لاکھوں چاہنے والوں کے دل توڑے اور ابھی وہ سنبھل ہی رہے تھے کہ ایک اور خبر سامنے آگئی، وہ یہ کہ تیزی سے ابھرتی ہوئی خوبرو اداکارہ عالیہ بھٹ اور بالی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کے درمیان بھی دوستی گہری ہورہی ہے اور وہ بھی جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

جی ہاں، بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے درمیان دوستی محبت میں تبدیل ہوچکی ہے اور دونوں اپنی محبت کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوکر امر کرنا چاہتے ہیں۔

بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور نے جون کے اوائل میں ایک انٹرویو کے دوران اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ عالیہ بھٹ کی حقیقی زندگی اور اداکاری کے بے انتہا دیوانے ہیں۔

اسی طرح عالیہ بھٹ سے ایک ٹاک شو کے دوران جب رنبیر کپور کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے خاموشی اختیارکرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس سے متعلق کچھ کہنا نہیں چاہتی ہیں جب کہ رنبیرنے بھی اسی طرح کے سوال پر کہا تھا کہ ابھی اس معاملے پر بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔

تاہم اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ رنیبر اور عالیہ بھٹ کا رشتہ اس قدر مضبوط ہوچکا ہے کہ دونوں شادی کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ رنبیر اور عالیہ بھٹ شادی کے بارے میں سوچ رہے ہیں تاہم شادی 2020 سے قبل ہوتی نظر نہیں آرہی۔

رنبیر کپور نے ٹوئٹر پر اپنی آنے والی فلم سنجو کی تشہیر کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ وہ شادی کے بارے میں سوچ رہے ہیں تاہم انہوں نے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی تھی۔

اسی طرح عالیہ بھٹ نے بھی اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’میں اپنی زندگی کے حوالے سے لمبی چوڑی منصوبہ بندی نہیں کرتی، میرا خیال ہے کہ زندگی میں بہترین چیزیں اس وقت وقوع پذیر ہوتی ہیں جب ان کے ہونے کی توقع انتہائی کم ہوتی ہے، ہوسکتا ہے لوگ یہ سوچتے ہوں کہ میں 30 سال کی عمر میں شادی کروں گی لیکن شائد میں جلدی شادی کرکے خود کو اور مداحوں کو سرپرائز دے دوں‘۔

رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے درمیان قربتیں ایان مکھرجی کی فلم ’ برہماسترا‘ کی شوٹنگ کے دوران بڑھیں اور سال نو کے موقع پر رنبیر نے عالیہ بھٹ سے اپنے دل کی بات کی جسے عالیہ بھٹ نے قبول کرلیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close