انٹرٹینمنٹ

اسنیپ چیٹ کے شریک بانی ایون اسپیگل اور سپرماڈل مرنڈا کیر کی ’منگنی‘

33 سالہ ماڈل مرنڈا کیر نے انسٹا گرام پر چمکدار ہیرے کی انگوٹھی کی تصویر کے ساتھ اسنیپ چیٹ کی ملکیت بٹ موجیز (آپ کے ذاتی ایموجیز) کے کرداروں کا استعمال کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ‘میں نے ہاں کر دی ہے’۔

لندن — 

شوبز کی دنیا میں ایک خوبصورت جوڑی کا اضافہ ہوا ہے، خبر یہ ہے کہ خوبصورت سپر ماڈل مرنڈا کیر اور اسنیپ چیٹ کے شریک بانی ایون اسپیگل شادی کرنے جا رہے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق دنیا کے کم عمر خودساختہ ارب پتی ایون اسپیگل اور سپر ماڈل مرنڈا کیر نے منگنی کر لی ہے۔

آسٹریلوی سپر ماڈل نے اپنی منگنی کی تصدیق کرتے ہوئے یہ اعلان کیا کہ وہ اسنیپ چیٹ کے سی ای او ایون اسپیگل کے ساتھ منسوب ہو گئی ہیں۔

اس خوش کی خبر کا انھوں نے سوشل میڈیا کے صارفین کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔

33 سالہ ماڈل مرنڈا کیر نے انسٹا گرام پر چمکدار ہیرے کی انگوٹھی کی تصویر کے ساتھ اسنیپ چیٹ کی ملکیت بٹ موجیز (آپ کے ذاتی ایموجیز) کے کرداروں کا استعمال کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ‘میں نے ہاں کر دی ہے’۔

ٹیکنالوجی سیکٹر کے کم عمر ترین دولت مندوں کی فہرست میں سرفہرست 26 سالہ ایون اسپیگل اور ماڈل مرنڈا کیر کی پہلی ملاقات 2014ء میں لاس اینجلیس میں ایک عشائیہ کی تقریب میں ہوئی تھی اور وہ دوست بن گئے تھے۔

سڈنی مارننگ ہیرالڈ سے ایک انٹرویو میں مرنڈا کیر کا کہنا تھا کہ ایون اسپیگل کے ساتھ رومانوی تعلقات سے بہت پہلے وہ صرف اچھے دوست تھے۔

اگرچہ جوڑ ے نے اپنے تعلقات کو زیادہ تر نجی رکھا ہے لیکن امریکی صدر براک اوباما کی طرف سے مئی میں وائٹ ہاوس میں دیے گئے اسٹار ڈنر کی تقریب میں انھوں نے ایک جوڑی کے طور پر شرکت کی تھی۔

ماڈل مرنڈا کیر 2007ء میں معروف فیشن برانڈ وکٹوریہ سیکرٹ کی ماڈل جنھیں اینجل پکارا جاتا ہے، رہ چکی ہیں۔ انھیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پہلی آسٹریلوی ماڈل ہیں جو امریکی فیشن برانڈ وکٹوریہ سیکرٹ اینجل بنی، جبکہ وہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی سپر ماڈل بھی رہ چکی ہیں۔

مرنڈا کیر نے آرلینڈو بلون سے شادی کی تھی۔ اور ان کا ایک پانچ سال کا بیٹا ہے۔ وہ اب زیورات کے برانڈ کے ساتھ منسلک ہیں اور حال ہی میں انھوں نے ایشیا کے لیے ہینڈ بیگ کلیکشن لانچ کیا ہے۔

اسنیپ چیٹ کے شریک بانی ایون اسپیگل نے تقریباً پانچ سال پہلے ریگی براؤن اور رابرٹ مرفی کے ساتھ مل کر فوٹو اور وڈیو شیئرنگ میسجنگ کمپنی اسنیپ چیٹ کی بنیاد رکھی تھی جس کی اب مالیت اندازا 20 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔

ایون اسپیگل لاس اینجلیس میں وکالت کے پیشے سے منسلک والدین کے گھر پیدا ہوئے وہ معروف اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے، جب انھوں نے اسنیپ چیٹ پر توجہ دینے کے لیے یونیورسٹی کو خیر باد کہہ دیا تھا اور آج ان کے ذاتی اثاتوں کی مالیت 2.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close