انٹرٹینمنٹ

خوبصورت مسکراہٹ اور دلفریب اداؤں کی مالک ڈانسنگ کوئین

 

لیجنڈری اداکار مادھوری ڈکشت نے 1984 سے بولی وڈ میں قدم رکھا، ان کی پہلی فلم ‘ابودھ’ تھی اور اس کے بعد چھوٹے موٹے کرداروں میں نظر آئیں تاہم چار سال تک مادھوری کی ہر فلم فلاپ ہوئی۔

انہیں کیا خبر تھی کہ 1988 کی فلم ‘تیزاب’ کا صرف ایک گانا ہر طرف موہنی موہنی کی دھوم مچادے گا۔

اس فلم میں ان کے ہیرو تھے انیل کپور، مادھوری کی فلم ‘تیزاب’ سے ان کی کامیابی کا سفر شروع ہوا اور پھر انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

سبھاش گھئی کی فلم ‘رام لکھن’ ہو یا متھن چکربرتی کے ساتھ فلم ‘پریم پرتگیا’ یا پھر ملٹی اسٹار ‘تری دیو’ ہر روپ میں مادھوری نے خود کو منوایا۔

یوں تو مادھوری ڈکشت اور انیل کپور کی جوڑی ہر روپ میں سب کو پسند آ رہی تھی اور یہ ان کی خوبی ہے کہ وہ ہر اداکار کے ساتھ جچتی اور ہر طرح کے کردار میں خود کو ڈھال لیتی ہیں۔

سن 1990 میں مادھوری عامر خان کے ساتھ فلم ‘دل’ میں نظر آئیں، جو اس سال کی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی اور اداکار کو بیسٹ ایکٹریس کا پہلا ایوارڈ مل گیا۔

دل کے بعد مادھوری نظر آئیں سلمان خان اور سنجے دت کے ساتھ فلم ‘ساجن’ میں اس فلم کے بعد مادھوری انڈسٹری کی نمبر ون ہیروئن بن گئیں۔

جہاں مادھوری کو اب تک ایک گلیمرس گرل اور ایک ڈانسر مانا جا رہا تھا وہیں فلم ‘بیٹا’ میں ایسا کردار کیا جسے دیکھ کر کہا گیا کہ مادھوری ایک کمپلیٹ ایکٹریس ہیں۔

فلم ‘بیٹا’ میں ایک بار پھر انیل کپور اور مادھوری ایک ساتھ نظر آئے اور اس فلم میں مادھوری کے گانے ‘دھک دھک’ نے باکس آفس پر آگ سی لگا دی۔

سن 1993 میں مادھوری نے کام کیا سنجے دت اور جیکی شروف کے ساتھ فلم ‘کھل نائیک’ میں، اس فلم کا گانا ‘چولی کے پیچھے’ بھی سب کی زبان پر تھا۔

اس کے بعد 1994 میں مادھوری نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ‘انجام’ میں کام کیا اس فلم میں ایسی زورا زوری ہوئی کہ مادھوری کو زورا زوری گرل کا ٹائٹل بھی دیا۔

اسی سال مادھوری کی سلمان خان کے ساتھ ایک ایسی فلم آئی نے جس نے بولی وڈ کی تمام سپر ہٹ فلموں کے ریکارڈ توڑ دیے اس فلم کا نام ہے ‘ہم آپ کے ہیں کون’ جس میں مادھوری کی پرفارمنس سب سے ہٹ کر تھی۔

انیس سو ستانوے میں مادھوری ڈکشت ایک بار پھر نظر آئیں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ‘دل تو پاگل ہے’ میں، اس فلم کو دیکھ کر شائقین مادھوری کے دیوانے ہوگئے۔

دھک دھک گرل نے تمام بڑے اداکاروں کے مدِ مقابل کام کیا جن میں سنجے کپور، دنود کھنہ، رشی کپور، سنی دیول اور اکشے کمار شامل ہیں۔

پکار، یارانہ، راجا، لجّا اور دیوداس جیسی کئی کامیاب فلموں میں لازوال اداکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اداکار نے بہترین اداکارہ کے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔

بولی وڈ کو کئی ہٹ فلمیں دینے والی مادھوری نے 1999 میں ڈاکٹر شری رام نینے سے شادی کے بعد کچھ عرصے کے لیے بولی وڈ سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور اپنے گھر اور بچوں پر دھیان دینے لگیں۔

بولی وڈ میں مادھوری کی واپسی 2007 میں فلم ‘آجا نچ لے’ سے ہوئی جس کے بعد مشہور ڈانس ریئلٹی شو’جھلک دکھلا جا’ میں انہوں نے جج کے فرائض بخوبی انجام دیتے ہوئے ہندوستانی عوام کو پھر اپنے سحر میں جکڑ لیا۔

رواں سال ڈانسسنگ گرل کی دو فلمیں ‘ڈیڑھ عشقیہ’ اور ‘گلاب گینگ’ ریلیز ہوئیں جو باکس آفس پر کوئی خاطر خواہ بزنس نہ کرپائیں۔

مادھوری ڈکشٹ کا نام نہ صرف فوربز میگزین میں ہندوستان کے صفِ اوّل کے پانچ طاقتور ترین فلم اسٹارز میں شامل ہے بلکہ انہیں انڈیا کے چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما شری سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close