شادی شدہ زندگی کا کوئی تجربہ نہیں ، سنگل ہی خوش ہوں : اداکارہ تبو
ممبئی: جہاں بالی ووڈ اداکاروں کے درمیان جلد شادی کے بندھن میں بندھنے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے وہیں بھارتی نامور اداکارہ تبو کو کوئی افسوس نہیں کہ انہوں نے آج تک شادی نہیں کی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 46 سالہ تبو نے حال ہی میں ایک ایونٹ میں شرکت کی جہاں ان سے ان کی ذاتی زندگی اور شادی کے حوالے سے سوال کیے گئے۔ایونٹ کے میزبان نے جب تبو سے سوال کیا کہ وہ اب تک سنگل ہیں؟ تو اس پر اداکارہ نے کہا کہ میں سنگل ہوں، اور میں ایسے ہی بہت خوش ہوں۔جب تبو سے پوچھا گیا کہ شادی شدہ زندگی زیادہ بہتر ہوگی یا وہ ایسے ہی کافی خوش ہیں؟ تو اداکارہ نے کہا کہ میں شادی شدہ زندگی کے بارے میں کیسے بتا سکتی ہوں؟ مجھے اس کا کوئی تجربہ نہیں، جیسی میں آج ہوں خوش ہوں، تو میں صرف اس ہی کے بارے میں بات کرسکتی ہوں، میری کبھی شادی نہیں ہوئی تو مجھے کیا معلوم یہ تجربہ اچھا ہے یا برا؟تبو سے یہ بھی پوچھا گیا کہ انہیں کبھی بھی غیر شادی شدہ ہونے پر افسوس ہوا تو اداکارہ نے بہت دیر سوچنے کے بعد بتایا کہ ایسا کبھی بھی نہیں ہوا۔رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ نہیں جانتی کہ آگے شادی کریں گی یا نہیں؟ ان سوالات کے جوابات ان کے پاس نہیں۔خیال رہے کہ جہاں رانی مکھرجی، کاجول، کرینہ کپور اور ودیا بالن جیسی اداکارائیں شادی شدہ ہونے کے باوجود اپنے کیریئر میں بھی شاندار انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں، وہیں دوسری جانب تبو اور ریکھا جیسی اداکارائیں بھی ہیں جو غیر شادی شدہ ہوکر اپنی زندگی میں کامیابیاں حاصل کررہی ہیں۔