پہلی بیوی کے ہوتے ہوئے دوسری شادی کرنے والی بالی ووڈ شخصیات
ممبئی: بالی ووڈ نگری میں ایسے متعدد اداکار ہیں جنہوں نے اپنی پہلی شادی ختم کیے بنا ہی دوسری شادی رچائی تاہم بعض اداکاروں نے دوسری شادیوں کا برملا اعتراف کیا جب کہ کچھ اداکاروں نے اپنی دوسری شادی کو منظرعام پر آنے نہ دیا۔
دھرمیندرا اور ہیما مالنی
ہیما مالنی اوراداکارجتیندرکے درمیان بڑھتی قربتوں نے اداکاردھرمیندرا کو پریشان کردیا تھا جس کے بعد دھرمیندرا نے ہیما مالنی سے شادی کی ٹھان لی، دونوں اداکار پہلی بار فلم “تم حسین میں جواں” کے سیٹ پر ملے تھے۔ دھرمیندرا جوپہلے سے ہی “پراکش” سے شادی کے بندھن میں بندھے ہوئے تھے جب کہ ان کے دو بیٹے اداکار سنی اور بابی دیول بھی تھے۔ ہندومذہب میں پہلی بیوی کو طلاق دیئے بغیر دوسری شادی کی اجازت نہیں تو دھرمیندر اورہیما مالنی میں مسلم طریقے سے 1980 میں شادی کی اور ان کی 2 بیٹیاں ایشا اوراہانا ہیں۔
سلیم خان اور ہیلن
معروف اسکرپٹ رائٹر سلیم خان جو اپنی قابلیت کے باعث بالی ووڈ نگری میں خاصے مشہور ہیں۔ سلیم خان نے 5 سال کی طویل دوستی کے بعد سلمی خان سے 1959 میں شادی کی، سلیم خان اور سلمی کے بچوں میں اداکار سلمان، ارباز، سہیل خان اور بیٹی الویرہ شامل ہیں، سلیم اداکارہ ہیلن کو پہلی شادی سے پہلے ہی جانتے تھے ۔ سلیم خان نے 1981 میں پہلی بیوی سلمی کو طلاق دیئے بنا ہیلن سے شادی کی تاہم سلیم خان کا پورا خاندان خوشگوار زندگی بسر کر رہا ہے۔
سنجے خان اور زینت امان
بالی ووڈ نگری میں اداکارسنجے خان اوراداکارہ زینت امان کی محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھی جب کہ وہ پہلے سے ہی زرین خان سے شادی کے بندھن میں بندھے ہوئے تھے تا ہم محبت کا سلسلہ آخرکار شادی تک ہی جا پہنچا اور اداکار نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دیئے بنا ہی اداکارہ زینت امان سے شادی رچالی جو کہ ایک سال بھی قائم نہ رہ سکی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے خان کی زینت امان کو طلاق کی وجہ پہلی بیوی زرین خان کی جانب سے دی جانے والی دھمکی تھی۔
راج ببر اور سمیتا پاٹل
معروف اداکارراج ببرنے پہلی شادی نادرا سے کی، جس کے بعد ان کی ملاقات اداکارہ سمیتا پاٹل سے ہوئی، راج ببر نے نادرا کو طلاق نہ دی اور سمیتا پاٹل سے شادی کرلی جب کہ دونوں کا ایک بیٹا بھی ہوا، جس کی پیدائش کے وقت سمیتا جان کی بازی ہار گئیں، سیمتا کے فوت ہونےکے بعد راج ببر اور نادرا کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے ۔
ادت نارائن اور دیپا
بھارتی فلموں میں اپنی آوازکا جادو جگانے والے ادت نارائن کی دوسری شادی کا اس وقت پتہ لگا جب رنجنا نارائن منظر عام آئیں اور گلوکار پر الزام لگایا کہ وہ ان کی پہلی بیوی ہیں اور ادت نارائن سے ان کی شادی 1984 میں ہوئی تھی۔ رنجنا نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ادت نارائن کی دیپا سے دوسری شادی غیر قانونی ہے کیونکہ ادت ن نے مجھے طلاق نہیں دی تاہم معاملہ تب حل ہوا جب گلوکار کی جانب سے رنجنا کے اخراجات اٹھانے کی ذمہ داری اٹھائی گئی۔