اب تک کنوارے رہنے پر کوئی افسوس نہیں: اداکارہ تبو
ممبئی : بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تبو نے کہا ہے کہ مجھے اب تک کنوارے رہنے پر کوئی افسوس نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک فلمی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے تبو نے اپنی حقیقی اور فلمی زندگی سے متعلق بات کی اور بتایا کہ ایسے کون سے کردار اور کون سی فلمیں ہیں، جنہوں نے انہیں بدل کر رکھ دیا۔تبو نے 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘نیم سیک’ کو اپنی شخصیت تبدیل کرنے والی فلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اس فلم میں عرفان خان کے ساتھ کام نہ کرتیں اور انہیں آشما گنگولی کا کردار ادا کرنے کا موقع نہ ملتا تو حقیقی زندگی میں اتنا تبدیل نہ ہوپاتیں۔اکارہ نے اعتراف کیا کہ ‘چینی کم’ میں ایک 34 سالہ خاتون کا کردار ادا کرنے اور 64 سالہ شخص سے محبت کرنے کا کردار ان کی حقیقی زندگی سے قریب تر ہے۔ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج تک حقیقی زندگی میں ان کے ساتھ ایسا واقعہ نہیں ہوا۔اداکارہ نے مزید وضاحت کی کہ فلم میں خود سے دگنی عمر کے شخص سے محبت کرنے کا کردار ادا کرنے کا کریڈٹ امیتابھ بچن کو جاتا ہے، کیوں کہ اگر وہ ان کے مد مقابل نہ ہوتے تو وہ یہ کردار ادا نہ کرتیں۔خیال رہے کہ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘چینی کم’ میں تبو نے خود سے دگنی عمر کے اداکار امیتابھ بچن سے محبت کرنے کا کردار ادا کیا تھا۔‘چینی کم’ کو تبو کی بہترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔