ماہرہ خان کو ووٹ کاسٹ نہ کرنے پرسوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا
کراچی: پاکستان کی صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان پاکستان میں موجودنہ ہونے کے باعث آج الیکشن میں ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں گی۔
پاکستانی سیاست میں 25 جولائی 2018 یعنی آج کا دن نہایت اہمیت کا حامل ہےآج سیاسی قائدین، عام عوام، شوبز وکرکٹ اسٹارز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔ حمزہ علی عباسی، ماورا حسین، فرحان سعید سمیت مختلف فنکاروں نے کئی روز قبل ہی عوام کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی تھی۔
جہاں حمزہ علی عباسی اوررابی پیرزادہ سمیت متعدد فنکار ووٹ کاسٹ کررہے ہیں وہیں پاکستان کی صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کررہیں۔ اداکارہ ماہرہ خان عام انتخابات کے موقع پر ملک میں موجود نہیں ہیں بلکہ ہم ایوارڈکے سلسلے میں دیگر فنکاروں کے ہمراہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں موجود ہیں جس کے باعث وہ اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں گی۔
ماہرہ خان نےگزشتہ روز انسٹاگرام پر پاکستانی جھنڈے کی تصویر شیئر کراتے ہوئے لکھاتھا’’میری بھرپور کوشش تھی کہ انتخابات کے روز ملک میں موجود رہوں لیکن بدقسمتی سے میں ایسا نہ کرسکی، میں اپنے کام کے سلسلے میں پاکستان میں موجود نہیں ہوں اور اپنا کام ٹال بھی نہیں سکتی تھی جو اس ماہ کے شروع میں شیڈول تھا، میں بہت دلگرفتہ اوربھاری دل کے ساتھ کہنا چاہتی ہوں کہ میں اس بار اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکوں گی۔ تاہم ماہرہ نے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ باہر نکلیں اور ووٹ دیں، انشا اللہ ہم جس تبدیلی کے انتظار میں ہیں وہ ضرور آئے گی، پاکستان زندہ باد، نیا پاکستان۔‘‘
تاہم سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی پاکستان میں غیر موجودگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ گلوکار و اداکار فرحان سعید نے ہم ایوارڈ کے سلسلے میں کینیڈا جانے والے فنکاروں پرتنقید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’میرے شعبے کے کچھ فنکار ایک انتہائی اہم موقع پر ملک سے باہر جارہے ہیں جو دل دکھانے والی بات ہے، مہربانی کرکے ہمارے ملک کے مستقبل کو اتنا ہلکا نہ لیں۔‘‘
اداکار عمران عباس نے بھی الیکشن کے دوران ایوارڈ کی تقریب منعقد کرنے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کاش ایوارڈ کی تقریب ابھی منعقد نہ ہوتی کیونکہ بہت سے پاکستانی اداکار الیکشن سے ایک روز قبل پاکستان سے چلے گئے ہیں، ایوارڈ کی تقریب الیکشن کے باعث ملتوی کی جاسکتی تھی۔‘‘
ایک صارف نے لکھا ’’یہ تمام اداکار جو ہمیں حب الوطنی کی یاد دلاکر کہتے ہیں کہ ہم ان کی فلمیں دیکھیں لیکن جب پاکستان کو ان کی ضرورت ہے تو یہ سب ووٹ ڈالنے کے بجائے کینیڈا میں مزے کررہے ہیں ۔‘‘
ایک صارف نےاپنے غصے کا اظہار کرتےہوئے لکھا جن اداکاروں کو جتوانے کے لیے ہم نے ووٹ ڈالے آج وہی اداکار اپنے ملک میں ووٹ نہیں ڈال رہے۔ ان لوگوں کے لیے ایک ایوارڈ شو ملک سے زیادہ اہم ہے، ان تمام اداکاروں نے بہت مایوس کیا۔
گلوکار بلال خان بھی ٹورنٹو میں موجود تھے تاہم انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ووٹ ڈالنے کے لیے ٹورنٹو سے لاہور آئے ہیں تاکہ اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں اور آج رات کی فلائٹ سے دوبارہ ٹورنٹو چلے جائیں گے۔ کیونکہ ہر ووٹ گنا جائے گا اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ووٹ کاسٹ کریں۔