پاکستان کے بڑے اسٹارز کو ووٹ کا حق ادا نہ کرنے پر تنقید کا سامنا
عام انتخابات 2018 کے سلسلے میں ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے، بحیثیت قوم ہم سب کا ووٹ اہم ہے، ایسے میں پاکستان کے نامور اسٹارز ایک نجی چینل کی ایوارڈ تقریب کے سلسلے میں ملک سے باہر ہیں جس پر انہیں مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
اس وقت پاکستان کے چند بڑے شوبز ستارے کینیڈا کے شہر ٹورونٹو کے دورے پر ہیں، جن میں اداکارہ ماہرہ خان، بشریٰ انصاری، یاسر حسین، سجل علی، میکال ذوالفقار، گلوکار عاطف اسلم اور دیگر شامل ہیں۔ وہیں سے کچھ اسٹارز نے ووٹ ڈالنے کے حوالے سے اپنے پیغامات اور کچھ تصاویر بھی شیئر کیں۔
سپر اسٹار ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر گزشتہ روز ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے پیغام دیا کہ ’بہت کوشش کے بعد بھی میں کل یہاں (پاکستان) میں نہیں ہوں گی، میرے پاس کام کو ملتوی کرنے کا کوئی راستہ نہیں تھا کیونکہ اس حوالے سے پہلے ہی بات چیت ہوگئی تھی‘۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ وہ بہت بوجھل دل کے ساتھ بتا رہی ہیں کہ اس برس وہ ووٹ نہیں دے سکیں گی لیکن انہوں نے اپنے تمام مداحوں کو کہا کہ وہ گھر سے نکلیں اور ووٹ ضرور دیں تاکہ اس برس وہ تبدیلی آئے جسے سب دیکھنا چاہتے ہیں۔
اگرچہ ماہرہ خان نے اس پوسٹ پر تبصرے بند کر رکھے تھے، لیکن مداحوں نے ان کے صاحبزادے اذلان کی ترکی سے شیئر کی گئی تصویر کو ہی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
صارفین کا کہنا تھا کہ ماہرہ نے ملک کے بجائے ایوارڈ تقریب کو ترجیح دی ہے جب کہ آج وہ جو کچھ بھی ہیں، ملک کی وجہ سے ہیں، یہ ان کی ترجیحات کا امتحان ہے۔
جب کہ ایک صارف نے تو ان کی پوسٹ پر لگائی پرائیویسی کو ہی آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ ’اگر اتنی سچی ہیں تو تبصرے کا سیکشن آف کرنے کی کیا ضرورت تھی‘۔
پاکستان کے نامور گلوکار عاطف اسلم کو بھی ایوارڈ تقریب میں شرکت کرنے پر مداحوں کی ناراضگی کا سامنا ہے۔
گلوکار نے جب ایئرپورٹ کی تصویر شیئر کی تو پرستاروں کا کہنا تھا کہ ’ہمیں کافی مایوسی ہوئی ہے، آپ کو شہرت پاکستان سے ملی ہے لیکن جب قوم کو آپ کی ضرورت تھی تو آپ ایوارڈ تقریب کی وجہ سے ملک میں موجود نہیں‘۔
اداکارہ حریم فاروق بھی اس وقت ٹورونٹو میں موجود ہیں اور ان سے بھی ان کے پرستار ووٹ کا حق ادا نہ کرنے پر مایوس ہیں۔
اداکارہ کی تصویر پر ایک خاتون صارف نے لکھا کہ ’جو لوگ صرف حب الوطنی کی باتیں کرتے ہیں، اس میں ان کا صرف ذاتی مفاد ہوتا ہے۔اگر وہ (اداکارہ) اور دیگر اسٹارز جو آج ٹورونٹو میں ایوارڈ تقریب کے لیے موجود ہیں انکار کردیتے تو وہ اپنے ملک میں ہوتے، لیکن کوئی اتنا سطحی کیسے ہوسکتا ہے؟’
اسی طرح سجل علی، بشریٰ انصاری، میکال ذوالفقار، یاسر حسین اور دیگر شوبز اسٹارز کو بھی ووٹ کاسٹ نہ کرنے پر مداحوں کی شدید تنقید کا سامنا ہے۔