رشی کپور نے بیٹے کے لیے راجکمار ہیرانی کی ماں کے پاؤں پکڑ لیے
ممبئی: بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کا کہنا ہے کہ ان کے والد رشی کپورنے ان کے لیے راجکمار ہیرانی کی والدہ کے پاؤں پکڑ لیے تھے۔
نامور بالی ووڈ اداکار رشی کپور میڈیا پر مخالفین کے بارے میں آگ اگلنے اور اپنی بے تکی حرکتوں کے باعث مشہور ہیں ،ماضی میں دئیے گئے ایک انٹرویو کے دوران رنبیر کپور نے خود اس بات کا اقرار کیا تھا کہ فلم’’جگا جاسوس‘‘کی ناکامی کے بعد کس طرح ان کے والد نے میوزک ڈائریکٹر پریتم کو کھری کھری سنائی تھیں جس کے باعث وہ شرمندہ ہوگئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی انٹرویو کے دوران رنبیر کپور نے کہا تھا کہ رشی کپور اپنے بچوں کے لیے بہت فکر مند رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ اتنا شدید ردعمل ظاہر کرتے ہیں، رنبیر کپور نے ماضی کا ایک دلچسپ قصہ سناتے ہوئے کہا کہ جب ہدایت کار رجکمار ہیرانی کی کامیاب فلم’’لگے رہو منابھائی‘‘ریلیز ہوئی تھی اس وقت رشی کپور چاہتے تھے ان کا بیٹا یعنی میں راجکمار ہیرانی کے ساتھ کام کروں۔ اور یہی بات کرنے کے لیے وہ راجکمار ہیرانی کے گھر گئے اور راجکمار ہیرانی کی والدہ کے پاؤں پکڑ لیے اور کہا کہ آپ کا بیٹا بہت ذہین ہے اسے میرے بیٹے رنبیر کپور کے ساتھ بھی کام کرنا چاہئیے۔
واضح رہے کہ فلم ’’سنجو‘‘ سے قبل رنبیر کپور راجکمار ہیرانی کی فلم ’’پی کے‘‘میں مختصر کردار نبھا چکے ہیں جس میں مرکزی کردار عامر خان نے اداکیاتھا۔