کیا ودیا بالن کے ہاں ننھے مہمان کی آمد کا امکان ہے؟
ممبئی: بالی ووڈ کی بولڈ اداکارہ ودیا بالن کے ہاں ننھے مہمان کی جلد آمد کا امکان ہے۔ بھارتی فلم پروڈیوسرسدھارتھ رائے سے 2012 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ ودیا بالن سے شادی کے بعد بارہا میڈیا کی جانب سے ان کے ماں بننے سے متعلق پوچھا گیا، جس پر اداکارہ نے کافی بار توبات ہی کرنا پسند نہیں کی اور بعض مرتبہ صاف انکار کیا۔
تاہم اب ایک وڈیو میں اداکارہ اپنے شوہرکے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کرکے واپس جارہی ہیں، جس میں یہ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ وہ امید سے ہیں جب کہ کچھ عرصے سے بھارتی میڈیا میں اداکارہ سے متعلق اس قسم کی خبریں میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔
اس سے قبل متعدد بار اداکارہ انٹرویوزکے دوران یہ برملا کہہ چکی ہیں کہ ان کے پاس بچے سنبھالنے کا ابھی وقت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اداکارہ تیلگو فلم انڈسٹری میں ڈیبیوکرنے جارہی ہیں جہاں وہ فلم ساز اور سیاست دان این ٹی آر(ننداموری تراکا راما راؤ) کی زندگی پر بننے والی فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔