انٹرٹینمنٹ

رنبیر کپور‘سنجو’ کے بعد عامر خان کی جگہ ‘گلشن’ بننے کو تیار

بولی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی گزشتہ ماہ 29 جون کو ریلیز ہونے والی بائیو گرافی فلم ‘سنجو’ نے نہ صرف ریکارڈ کمائی کی بلکہ اس فلم کو ٹرینڈ سیٹر بھی سمجھا جا رہا ہے۔

‘سنجو’ کی کامیابی کے بعد متعدد اداکار و پروڈیوسرز بائیوگرافی فلمیں بنانے کا سوچ رہے ہیں، ساتھ ہی وہیں کچھ فلموں میں کام کرنے کے لیے رنبیر کپور کا نام لیا جا رہا ہے۔

جی ہاں، اطلاعات ہیں کہ بھارت کے معروف میوزک اسٹوڈیو ‘ٹی سیریز’ کے بانی گلشن کمار کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں رنبیر کپور نے عامر خان کی جگہ لے لی۔

پہلے اطلاعات تھیں کہ گلشن کمار کی زندگی پر بننے والی فلم میں بولی وڈ پرفیکشنسٹ عامر خان ان کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ تاہم اب اطلاعات ہیں کہ عامر خان فلم میں اداکاری نہیں بلکہ اسے پروڈیوس کرتے نظر آئیں گے۔

ساتھ ہی اطلاعات ہیں کہ اس فلم میں گلشن کمار کا کردار نبھانے کے لیے پہلے اکشے کمار کے نام پر بھی غور کیا جا رہا تھا، تاہم اب ان کی جگہ چاکلیٹی ہیرو کے نام پر غور کیا جا رہا ہے۔

ڈی این اے انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹی سیریز کے سربراہ اور آنجھانی گلشن کمار کے بیٹے بشن کمار اور عامر خان نے فلم میں رنبیر کپور کو کاسٹ کرنے سے متعلق سوچنا شروع کردیا۔

رپورٹ کے مطابق فلم کو پروڈیوس کرنے والے بشن کمار اور عامر خان دونوں ہی اس بات پر متفق ہیں کہ فلم میں کسی نئے اداکار کو کاسٹ کیا جائے اور اس کے لیے رنبیر کپور ہی بہترین آپشن ہیں۔

اگرچہ فلم کی ٹیم نے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم اطلاعات ہیں کہ فلم کی ٹیم جلد اس حوالے سے اعلان کرے گی۔

ذرائع کے مطابق گلشن کمار کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کے اسکرپٹ پر جاری کام مکمل ہوتے ہی فلم کی کاسٹ کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ’ ٹی سیریز’ کو گلشن کمار نے 1980 میں بنایا تھا، یہ کمپنی زیادہ تر فلموں کی موسیقی کی تیاری کا کام کرتی ہے، تاہم گزشتہ 2 دہائیوں سے یہ کمپنی فلم پروڈکشن میں بھی قدم جمانے میں مصروف ہے۔

گلشن کمار 1997 میں 41 برس کی عمر میں چل بسے تھے، جس کے بعد ٹی سیریز کو ان کے بھائی نے سنبھالا، اس وقت اس کمپنی کو ان کے بیٹے بھشن کمار چلا رہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close