انٹرٹینمنٹ

‘زندگی کے ہر لمحے کو جینا چاہتی ہوں’

کینسر کے مرض کا شکار ہونے والی بولی وڈ کی 43 سالہ اداکارہ سونالی باندرے جو ان دنوں علاج کی غرض سے امریکا میں موجود ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ماہ 10 جولائی کو اپنے لمبے، گھنے اور سیاہ بالوں کو چھوٹا کروایا تھا، تاہم اب انہوں نے علاج کی غرض سے اپنے بال مکمل کٹوا لیے ہیں۔

ہائی اسٹیج کے کینسر کے مرض میں مبتلا زیادہ تر افراد کے بال جھڑ جاتے ہیں، تاہم اداکارہ نے بہتر علاج کے لیے پہلے سے ہی اپنے بالوں کی قربانی دی اور انہوں نے نہ صرف بالوں کو چھوٹا کروانے کی تصاویر مداحوں سے شیئر کی تھیں بلکہ انہوں نے مکمل طور پر بال ختم کروانے کے بعد کی تصویر بھی مداحوں سے شیئر کی۔

سونالی باندرے نے 5 اگست کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصویر شیئرکی جس میں وہ سیاہ لباس اور سیاہ چشمے کے ساتھ بغیر بالوں کے اپنی سہیلیوں کے ساتھ خوشگوار موڈ میں مشروب پیتی دکھائی دیں۔

انہوں نے بغیر بالوں کے اپنی تصویر مداحوں سے شیئر کرتے ہوئے جہاں درد سے بھرا پیغام شیئر کیا وہیں انہوں نے بیماری سے لڑنے کے اپنے عزم کا اظہار بھی کیا، ساتھ ہی انہوں نے دوستوں اور مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

43 سالہ سونالی باندرے نے بغیر بالوں کے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ تصویر میں نظر آنے والی وہ ہیں اور یہ لمحات ان کے لیے بہت ہی خاص ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ وہ جانتی ہیں کہ لوگ انہیں عجیب نظروں سے دیکھ رہے ہوں گے، لیکن ٰوہ زندگی کے ان لمحات سے بہت مطمئن اور خوش ہیں۔

سونالی باندرے نے لکھا کہ وہ زندگی کے ہر لمحے کو جینا چاہتی ہیں اور وہ وقت ضائع کیے بغیر ہر آنے والے پل میں خوشی تلاش کرنے کی جستجو کرتی ہیں۔

انہوں نے تصویر میں موجود اپنی سہیلیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اگرچہ وہ جانتی ہیں کہ یہ لمحات درد بھرے اور تکلیف دہ ہیں تاہم وہ اپنی سہیلیوں کے ساتھ وقت گزار کر اچھا محسوس کر رہی ہیں، کیوں کہ وہ تمام لوگ ان کے ساتھ ہیں جن سے وہ محبت کرتی ہیں۔

سونالی باندرے نے اپنی پوسٹ میں رلانے والا مذاق لکھتے ہوئے لکھا کہ انہیں آج کل تیار ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگتا، کیوں کہ اب ان کے پاس لمبے بال نہیں۔

خیال رہے کہ سونالی باندرے نے گزشتہ ماہ 4 جولائی کو انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ہی انکشاف کیا تھا کہ انہیں کینسر لاحق ہوگیا ہے، جس کے بعد وہ امریکا میں علاج کے لیے منتقل ہوگئی تھیں۔

گزشتہ ماہ 10 جولائی کو انہوں نے بال چھوٹے کروانے کے بعد بھی انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کی تھی، ساتھ ہی اس دوران ان کی دوسری تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

سونالی باندرے نے بھی اگرچہ کینسر میں مبتلا ہونے کا اعتراف کیا ہے، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کا کینسر کتنا بڑھ چکا ہے۔ سونالی باندرے کے علاوہ بولی وڈ اداکارہ 51 سالہ عرفان خان کو بھی نیورو اینڈو کرائن ٹیومر نامی کینسر ہوا ہے اور وہ بھی علاج کے لیے ان دنوں برطانیہ میں مقیم ہیں۔

عرفان خان نے بھی 2 دن قبل نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ کبھی کبھی انہیں لگتا ہے کہ وہ اگلے چند ماہ ایک یا 2 سال میں مرجائیں گے۔ عرفان خان نے انٹرویو میں یہ اعتراف بھی کیا تھا کہ اگر انہیں یہ بیماری لاحق نہ ہوتی تو وہ زندگی اور قدرت کے نظریے کو ٹھیک طرح سے سمجھ نہیں پاتے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close