انٹرٹینمنٹ

سلمان خان سالوں بعد بھی ایشوریا کو نہ بھلا سکے

بالی وڈ اداکار سلمان خان برسوں بعد بھی سابقہ حسینہ عالم ایشوریا رائے بچن کو بھلا نہیں سکے ہیں جس کا اشارہ انہوں نے اپنے بہنوئی ایوش شرما کی فلم’لو راتری‘ کی ٹریلر لانچ تقریب میں دیا۔

سلمان خان اور ایشوریا رائے کا معاشقہ کئی سالوں تک زبان زد عام رہا ہے اور اب بھی بالی وڈ کی راہداریوں میں اس معاشقے کا ذکر ہوتا ہے۔

سلو میاں اور ایشوریا رائے کے درمیان قربتیں فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کی شوٹنگ کے دوران شروع ہوا لیکن چند ہی سالوں میں دونوں نے ایک دوسرے سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی اور 2007 میں سابقہ حسینہ عالم نے ابھیشیک بچن سے شادی کی تھی جن سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔

سلمان اور ایشوریہ راہیں جدا کرنے بعد سے ایک دوسرے کو نظر انداز کرتے آئے ہیں اور کیمروں کے سامنے بھی ایک دوسرے کا نام لینے سے کتراتے ہیں۔

سلمان خان نے اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی فلم ’لو راتری‘ کے ٹریلر لانچ کی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے صحافیوں کے کئی سوالوں کے جواب دیئے۔

تقریب میں صحافی نے سلمان سے سوال کیا کہ ان کی زندگی کی سب سے یادگار’نوراتری‘ کون سی تھی تو انہوں نے فوراً جواب دیا کہ ’ہم دل دے چکے صنم‘ اور اس فلم کا گیت ’ڈھولی تارو ڈھول باجے‘ سب سے یادگار لمحات ہیں۔

یاد رہے کہ فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ 1999 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں سلمان خان کے مدمقابل ایشوریا رائے بچن اور اجے دیوگن نے مرکزی کردار کیا تھا جب کہ فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی تھے۔

 

اس فلم کا گیت ’ڈھولی تارو ڈھول باجے‘ بھی سلمان خان اور ایشوریا رائے پر ہی فلمایا گیاتھا۔ دوسری جانب سلمان خان فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’لو راتری‘ کا ٹریلر لانچ کردیا گیا ہے جس سے ان کے بہنوئی ایوش شرما بالی وڈ کیریئر کا آغاز کررہے ہیں۔

فلم میں ایوش شرما کے مدمقابل وارینہ حسین مرکزی کردار میں ہیں جب کہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض ابھیراج مِنا والا نے سر انجام دیئے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close