یوم آزادی پریڈ میں بھارتی گانا گانے پرعاطف اسلم نے خاموشی توڑدی
کراچی: نامورپاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے نیویارک میں منعقد ہونے والی یوم آزادی پریڈ میں بھارتی گانا گانے پر خاموشی توڑدی۔
عاطف اسلم کا شمار پاکستان اور بھارت کے نامور گلوکاروں میں ہوتا ہے، پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں عاطف اسلم کے بے شمار چاہنے والے ہیں، تاہم کروڑں دلوں پر حکمرانی کرنے والے گلوکار عاطف اسلم گزشتہ دنوں یوم آزادی پریڈ میں بھارتی گانا گانے پرشدید تنقید کی زد میں آگئے ۔
رواں ہفتے کی ابتدا میں امریکی شہر نیویارک میں یوم آزادی پریڈ کااہتمام کیا گیا تھا جس میں عاطف اسلم نے بھارتی گاناگا کر پاکستانیوں کے جذبات مجروح کیے تھے۔ یوم آزادی کے حوالے سے منعقد کی گئی پریڈ میں بھارتی گانا گانے پر لوگ طیش میں آگئے اور عاطف اسلم کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کانشانہ بنایا، کچھ صارفین نے کہا عاطف اسلم کو اپنی اس حرکت پر شرم آنی چاہیے، جب کہ کچھ لوگوں نے عاطف کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا۔
سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا شکار ہونے کے بعد بالآخر عاطف اسلم نے اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے ’’نیور گیو اپ‘‘کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’میں خود سے نفرت کرنے والوں سے محبت کرتا ہوں، یہ اللہ ہی کی ذات ہے جسے چاہے عزت دے اورجسے چاہے عزت نہ دے، پاکستانی جھنڈا میری پہچان ہے اور میرے مداح جانتے ہیں کہ میں اپنے جھنڈے کی کتنی عزت کرتاہوں۔ مجھے اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ میرے مداح جانتے ہیں کہ میرے خلاف کسی بھی پروپیگنڈا سے کس طرح نمٹاجاتا ہے ۔‘‘
عاطف اسلم نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ’’امید ہے نیا پاکستان لوگوں کو یہ باور کرانے میں مدد کرے گا کہ دوسروں کی عزت کرنی چاہیے، خاص طور پر ان لوگوں کی جو روزانہ اپنے ملک کو دنیا بھر میں فخرمحسوس کرانے کے لیے کڑی محنت کرتے ہیں‘‘۔
اس کے علاوہ عاطف اسلم نے ٹوئٹر پربھی اپنا دفاع کرتے ہوئے یہی بات لکھی’’بیشک اللہ عزت دینے اور رکھنے والا ہے، سبز جھنڈا میری پہچان ہے۔‘‘
واضح رہے کہ نیویارک میں منعقدہ یوم آزادی پریڈ میں عاطف اسلم نے بھارتی گانا ’’تیرا ہونے لگا ہوں‘‘ گایاتھا، یہ گانا رنبیر کپور اورکترینہ کیف کی فلم’’عجب پریم کی غجب کہانی‘‘کا ہے جسے عاطف اسلم نے ہی گایا تھا۔