ماضی میں ہم ایکشن سینز خود ریکارڈ کراتے تھے لیکن آج جدید ٹیکنالوجی ہیروز کا کام آسان کردیا ہے: سنی دیول
ممبئی: بالی ووڈ اداکار سنی دیول نے کہا ہے کہ ماضی میں ہم ایکشن سینز خود ریکارڈ کراتے تھے لیکن آج جدید ٹیکنالوجی اور حفاظتی انتظامات نے ایکشن ہیروز کا کام بہت آسان کردیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں سنی دیول کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ایکشن ہیرو کے امیج سے بہت پریشان ہوتے ہیں، آج کل کی فلموں میں جو ایکشن مناظر ناظرین پردے پر دیکھتے ہیں وہ سب ٹیکنالوجی کا کمال ہے، سپیشل افیکٹس اور حفاظتی تاروں کی وجہ سے سب کچھ حقیقی لگتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج کے مقابلے میں ماضی میں ہم جو ایکشن کرتے تھے اس میں کوئی سیفٹی کیبل نہیں لگا ہوتا تھا۔ ہم اونچی عمارت سے چھلانگ لگاتے تھے تو حادثے سے بچنے کے لیے صرف نیچے خالی ڈبے ہی ہوتے تھے جبکہ آج لوگوں کے پاس ایسی بہت سی چیزیں ہیں جو انہیں محفوظ رکھتی ہیں۔واضح رہے کہ سنی دیول کی فلم ’’یملا پگلا دیوانہ پھر سے‘‘ 31 اگست کو ریلیز ہورہی ہے، جس میں ان کے ہمراہ والد دھرمیندرا اور بھائی بوبی دیول بھی ہیں جب کہ سلمان خان، سوناکشی سنہا اور شتروگھن سنہا مہمان اداکاروں کی صورت میں نظر آئیں گے۔