ماورا کی نظر میں بھارتی فلم انڈسٹری پاکستانی انڈسٹری سے معیاری
بولی وڈ فلم ‘صنم تیری قسم’ سے فلمی کیریئر کا آغٖاز کرنے والی پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کا ماننا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری تکنیکی لحاظ سے پاکستانی فلم انڈسٹری سے زیادہ معیاری اور بہتر ہے۔
خیال رہے کہ ماورا حسین نے اگرچہ اداکاری کا آغاز پاکستانی ڈراموں سے 2011 میں کیا تھا، تاہم انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز 2016 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم ‘صنم تیری قسم’ سے کیا۔
اس فلم سے قبل وہ متعدد پاکستانی ڈراموں میں کام کر چکی تھیں، ان کی یہ فلم کوئی خاص کمائی کرنے میں ناکام رہی، تاہم اسے فلمی تنقید نگاروں نے اچھی فلم قرار دیا۔
بولی وڈ فلم میں کام کے بعد ماورا حسین کے لیے پاکستانی فلم انڈسٹری کے دروازے بھی کھلے اور ان کی حال ہی میں عید الاضحیٰ پر مصالحہ رومانٹک کامیڈی فلم ‘جوانی پھر نہیں آنی 2’ ریلیز ہوئی۔
اس فلم میں ماورا حسین نے فہد مصطفیٰ کی ہیروئن کا کردار ادا کیا۔
ماورا حسین، فہد مصطفیٰ، ہمایوں سعید، واسع چوہدری، کبریٰ خان، احمد علی بٹ اور ثروت گیلانی کی اس فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن ملک بھر سے تین کروڑ روپے بٹور کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔
جوانی پھر نہیں آنی 2 نے ابتدائی 2 دن میں دنیا بھر سے 10 کروڑ 72 روپے کما کر نیا ریکارڈ بھی بنایا۔
اگرچہ ماورا حسین مانتی ہیں کہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں بھی اب اچھی اور بہترین فلمیں بن رہی ہیں، تاہم پھر بھی ان کا خیال ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری تکینکی لحاظ سے پاکستانی انڈسٹری سے بہتر ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے ‘بی بی سی ایشن نیٹ ورک’ سے بات کرتے ہوئے ماورا حسین نے کہا کہ ان کے خیال میں بھارتی فلم انڈسٹری تکنیکی لحاظ سے پاکستانی انڈسٹری سے آگے ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی پہلی بولی وڈ فلم ‘صنم تیری قسم’ کی شوٹنگ کے دوران ٹیم میں 150 ارکان موجود تھے، جن میں سے 15 افراد صرف ان کی دیکھ بھال اور کام کاج کے لیے تھے۔
اداکارہ کے مطابق جب کہ وہ جیسے ہی اس فلم کی شوٹنگ کے بعد پاکستان آئیں تو وہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہوگئیں، جس کی پوری ٹیم صرف 30 افراد پر مشتمل تھی۔
تاہم ماورا حسین نے تسلیم کیا کہ بھارتی اور پاکستانی عوام میں کئی چیزیں مشترکہ پائی جاتی ہیں۔
انٹرویو کے دوران ماورا حسین نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے دوران اداکاری اپنی قانون کی تعلیم کیسے مکمل کی۔
ماورا حسین نے بتایا کہ جب وہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ‘جوانی پھر نہیں آنی 2’ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، ان ہی دنوں میں وہ اپنے ایل ایل بی کے امتحانات کی وجہ سے بھی پریشان تھیں۔
اداکارہ کے مطابق امتحانات قریب ہونے کی وجہ سے وہ صبح 6 بجے اٹھتی تھیں، پڑھائی کرنے کے بعد وہ فلم کی شوٹنگ میں شامل ہوتی تھیں۔
اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے ایل ایل بی کی ڈگری 5 سال میں پوری کی۔