علی ظفر آزادی فیسٹیول میں پرفارم کرنے کیلئے کینڈا پہنچ گئے
وہ کینیڈا میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والے ٓازادی فیسٹیول میں پرفارم کریں گے۔علی ظفر نے کہا کہ انہیں ایسے شو میں پرفارم کرنا بہت اچھا لگ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شو سے حاصل ہونے والی آمدنی ایک بہت بڑے ہسپتال کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی۔
یاد رہے کہ یہ آزادی فیسٹیول 14 اگست کی شام ملٹن شہر میں واقع کینیڈا کے سب سے بڑے میٹمی نیشنل سائیکلنگ سینٹر میں منعقد ہورہا ہے۔ علی ظفر اتنے بڑے سینٹر میں پرفارم کرنے والے پہلے پاکستانی فنکار ہیں۔ اس سے قبل بالی وڈ کے کسی بھی فنکار نے اس سینٹر میں اپنے فن کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔ ملٹن شہر میں پاکستانیوں کی ایک بہت بڑی تعداد مقیم ہے۔
علی ظفر کا مزید کہنا تھا کہ آزادی ایک نعمت ہے اور میں اس آزادی کے جشن کے موقع پر کہنا چاہوں گا کہ شائقین صرف میری پرفارمنس کیلئے نہیں بلکہ اس ہسپتال کی تعمیر میں حصہ لینے کیلئے شو میں شرکت یقینی بنائیں ۔
علی ظفر نے کہا کہ اگر خدا انسان کو دولت اور عزت دے تو اس پر اورانسانیت کی خدمت فرض ہو جاتی ہے۔ ”میں اس انسانیت کی خدمت والے پراجیکٹ میں حصہ لیتے ہوئے بہت اچھا محسوس کررہا ہوں“۔
علی ظفر اپنے مصروف شیڈول کے باوجود اس شو کیلئے کینیڈا پہنچے ہیں اور اس پروگرام کے منتظم مقامی بزنس میں اور سیاسی لیڈر عظیم رضوی ہیں جو ملٹن ہسپتال کے ایک حصے کو مسلمانوں کی خدمات کے نام سے منسوب کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
علی ظفر نے مزید کہا کہ میراملٹن شہر سے ایک اور تعلق بھی ہے۔ میرے چچا یہاں رہتے ہیں اور اس لئے بھی میرے لئے اس شہر میں پرفارم کرنا خوشی کی بات ہے۔
آنے والی فلموں کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انکا کہنا تھاکہ "ڈئیر زندگی” میں وہ شاہ رخ خان اور عالیہ بھٹ کے ساتھ ایک اہم رول میں جلوہ گر ہونگے۔ اس فلم کو رواں برس نومبر میں نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے حال ہی میں ایک پاکستانی فلم بھی سائن کی ہے جس میں ان کا کردار انتہائی یادگار ہوگا۔