وہ لمحات جب عامر خان مسٹر پرفیکشنسٹ نہیں رہتے
بولی وڈ اداکارعامر خان کو لاکھوں افراد سب سے بہترین اداکار مانتے ہیں اور اسی وجہ سے ہی انہیں ‘مسٹر پرفیکشنسٹ’ کہا جاتا ہے۔ تاہم جس طرح ہر انسان کی کوئی نہ کوئی کمزوری ہوتی ہے، اسی طرح عامر خان کی بھی ایک کمزوری ہے، جس وجہ سے وہ کچھ لمحات میں ‘مسٹر پرفیکشنسٹ’ نہیں رہتے۔
عامر خان نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی آنے والی میگا بجٹ فلم ‘ٹھگس آف ہندوستان’ کی شوٹنگ کے دوران کئی ڈائلاگ اور لائنیں بھول جاتے ہیں، ان سے ٹھیک طرح سے ادائگی نہیں ہوتی۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق اسمارٹ کی تقریب رونمائی کے موقع پر بات کرتے ہوئے فون عامر خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود کو ہمیشہ ایک شاگرد ہی سمجھا ہے اور وہ ہر لمحے کچھ نہ کچھ سیکھتے رہتے ہیں، تاہم ان دنوں ‘ٹھگس آف ہندوستان’ کی شوٹنگ کے دوران وہ ڈائلاگ اور لائنیں بھول جاتے ہیں۔
عامر خان نے انکشاف کیا کہ ڈائلاگ اور لائنیں بھولنے کا سبب کوئی خوبرو اداکارہ نہیں بلکہ ان کے استاد محترم امیتابھ بچن ہیں۔
مسٹر پرفیکشنسٹ کے مطابق وہ امیتابھ بچن کے بہت بڑے مداح ہیں اور وہ ہمیشہ ان کے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے اور اب جب ان کے ساتھ کام کرنے کا سپنا پورا ہونے جا رہا ہے تو وہ انہیں دیکھنے کے بعد ٹھیک طرح سے ڈائلاگ ڈیلیور نہیں کرپاتے۔
خیال رہے کہ عامر خان اور امیتابھ بچن پہلی بار یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ‘ٹھگس آف ہندوستان’ میں کام کرتے نظر آئیں گے۔
اس فلم میں ان دونوں کے علاوہ کترینہ کیف اور فاطمہ ثنا شیخ بھی جلوے دکھاتی نظر آئیں گی۔
اس فلم کی شوٹنگ کئی ماہ سے جاری ہے اور امکان ہے کہ اسے رواں برس نومبر میں ریلیز کیا جائے گا۔