سارہ علی خان کو رنویر کے بعد ورون کے ساتھ بھی فلم مل گئی
بالی وڈ اداکار سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کو رنویر سنگھ کے بعد ورون دھون کے ساتھ بھی فلم میں کام کرنے کا موقع مل گیا ہے۔ سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان بھی فلمی دنیا میں قدم رکھ چکی ہیں لیکن تاحال ان کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی ہے۔
سارہ کی بالی وڈ ڈیبیو فلم ’کیدرناتھ‘ تھی جو کہ پروڈیوسر اور ہدایت کار کے درمیان تنازع کے باعث تاخیر کا شکار ہے اور فلم کی شوٹنگ بھی روک دی گئی ہے۔
اس سارے معاملے کے دوران ہی سارہ علی خان کو رنویر سنگھ کے مدمقابل ’سمبا‘ میں کاسٹ کیا گیا جس کی شوٹنگ مکمل کی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر کے بعد سارہ کو ورون دھون کے ساتھ فلم میں مرکزی کردار میں کاسٹ کیا گیا ہے اور یہ فلم بھی ورون کی پچھلی فلموں کی طرح کامیڈی کمرشل مصالحہ فلم ہوگی۔
ورون دھون کے بھائی روہت دھون اس فلم کو پرڈیوس کریں گے جو کہ ان کی پہلی فلم ہوگی جب کہ ان کے والد ڈیوڈ دھون فلم کی ہدایتکاری کے فرائض سرانجام دیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی کہانی پر کام جاری ہے جس کے مکمل ہوتے ہی شوٹنگ رواں سال شروع کردی جائے گی۔
یاد رہے کہ سارہ علی خان ان دنوں ’سمبا‘ کی شوٹنگ جب کہ ورون دھون اپنی نئی آنے والی فلم ’سوئی دھاگہ‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔