ترکی میں فوج کی ناکام بغاوت پر فلم بنانے کا فیصلہ
فلم میں مرکزی کردار ترکی کے مشہور اداکار پولاط علمدار ادا کریں گے جنہیں ’ترک جیمز بونڈ‘ کا نام دیا جاتا ہے
یہ اعلان ترکی کی مشہور فلم کمپنی پانا فلمز نے کیا ہے۔ ان کی ٹیلی ڈرامہ سیریز ’ویلی آف دا وولوز‘ طویل عرصہ سے جاری ہے اور یہ ترکی میں مقبولیت کی بلندیوں پر ہے۔ پروڈیوسر کے مطابق اس کی اگلی قسط فوج کی ناکام بغاوت پر مبنی ہوگی اور اسے ’ویلی آف دا وولوز ۔ کوپ‘ کا نام دیا جائے گا۔
اس سیریز میں اس سے قبل عراق پر امریکی حملے پر مبنی قسط بھی پیش کی جاچکی ہے جسے تعریف اور تنقید دونوں کا سامنا کرنا پڑا۔
اس میں 2010 میں غزہ جانے والے ترکی امدادی جہاز پر اسرائیلی حملہ کو بھی پیش کیا جاچکا ہے۔
پانا فلمز اس کے علاوہ بھی اپنی سیریز میں دیگر کئی متنازع موضوعات کو فلم بند کر چکی ہے تاہم ذرائع کے مطابق انہیں ترک وزیر اعظم طیب اردگان کی تائید حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ یہ پروڈکشن ہاؤس ابھی تک اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔