جنسی ہراساں سے بچنے کیلئے شادی کی، نکول کڈمین
ان دنوں اگرچہ ہولی وڈ اور بولی وڈ میں ’می ٹو‘ مہم کے تحت اداکارائیں اپنے ساتھ ہونے والے نازیبا رویوں پر بات کرتی نظر آتی ہیں۔ تاہم ہولی وڈ کی معروف اداکارہ نکولو کڈمین نے ‘می ٹو’مہم کے ذریعے اپنی منفرد کہانی بتا کر سب کو حیران کیا ہے۔
متعدد بلاک بسٹر فلموں،ڈراموں اور ڈاکیومینٹریز میں کام کرنے والی 51 سالہ آسٹریلین نژاد ہولی وڈ اداکارہ نکول کڈمین نے اعتراف کیا ہے کہ کیریئر کے آغاز میں انہوں نے اس لیے شادی کی،کیوں کہ وہ جنسی طور پر ہراساں نہیں ہونا چاہتی تھیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے ‘بی بی سی’ کے مطابق نکولو کڈمین نے اعتراف کیا کہ انہوں نے کیریئر کے آغاز میں اور محض 21 سال کی عمر میں اداکار ٹام کروز سے اس لیے شادی کی، کیوں کہ نازیبا رویوں سے بچنا چاہتی تھیں۔
اداکارہ نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ انہوں نے ٹام کروز سے اس لیے شادی کی، کیوں کہ وہ انڈسٹری میں ایک معروف اداکار کے ساتھ تعلقات قائم کرکے نام اور دولت کمانا چاہتی تھی۔
نکولو کڈمین نے واضح کیا کہ کم عمری اور کیریئر کے آغاز میں ہی ٹام کروز سے شادی کرنے کی وجہ سے ہی وہ دیگر مرد حضرات کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے سے محفوظ رہیں۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے محبت اور اپنے تحفظ کی خاطر کم عمری میں شادی کی اور بعد میں جب ان کی شادی کو کافی عرصہ گزرا تو انہیں احساس ہوا کہ شادی خاتون کے تحفظ کی ضامن ہے۔
خیال رہے کہ نکولو کڈمین نے 21 برس کی عمر میں 1990 میں ایکشن اداکار ٹام کروز سے شادی کی، اس وقت اداکار کی عمر 22 برس تھی۔
نکولو کڈمین نے اس وقت شادی کی، جب انہیں شوبز انڈسٹری میں آئے ہوئے محض 7 برس ہوئے تھے، انہوں نے 1983 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘بش کرسمس’ سےاداکاری کی شروعات کی۔
نکولو کڈمین اور ٹام کروز نے 1990 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘ڈیز آف تھنڈر’ میں ایک ساتھ کام کیا اور اس فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی ان کے تعلقات استوار ہوئے، جس کے بعد فورا انہوں نے شادی کرلی۔
نکولو کڈمین کی یہ پہلی جب کہ ٹام کروز کی دوسری شادی تھی۔
ٹام کروز نے نکولو کڈمین سے قبل اداکارہ ممی روجرز سے 1987 میں شادی کی تھی، تاہم فروری 1990 میں ان دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی، جس کے چند ہفتوں بعد نکولو کڈمین اور ٹام کروز کی شادی ہوئی۔
نکولو کڈمین اور ٹام کروز نے شادی کے دوران 4 بچوں کو گود بھی لیا، تاہم ان کے ہاں اپنا بچہ نہیں ہوا اور دونوں کے درمیان 2011 میں طلاق ہوگئی۔
یہ اطلاعات بھی تھیں کہ ان کے درمیان طلاق اس وجہ سے ہوئی کہ نکولو کڈمین حاملہ ہوگئیں تھیں، تاہم وہ بچے کو جنم نہیں دینا چاہتی تھیں، جس وجہ سے انہوں نے اپنا حمل ضائع کروایا۔
تاہم اس حوالے سے 2007 میں نکولو کڈمین نے وضاحت کی تھی کہ ان کے حاملہ ہونے کی خبریں غلط ہیں۔
نکولو کڈمین نے 2006 میں دوسری شادی نیوزی لینڈ کے گلوکار کیتھ اربن سے شادی کی، تاہم ان سے شادی سے قبل اداکارہ کے دوسرے اداکاروں کے ساتھ بھی تعلقات رہے۔
دوسری شادی کرنے کے بعد بھی نکولو کڈمین نے متعدد بار یہ اعتراف کیا ہے کہ ٹام کروز اور ان کے درمیان محبت تھی اور وہ آج بھی اپنے سابق اور پہلے شوہر سے بے حد محبت کرتی ہیں۔
نکولو کڈمین نے اب تک 60 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے، انہوں نے آسکر سمیت ایمی، گولڈن گلوب، اسکرین گلڈ سمیت دیگر کئی ایوارڈز جیتے ہیں، وہ اداکاری کے علاوہ سماجی کاموں اور سیاست میں بھی متحرک رہتی ہیں۔