انٹرٹینمنٹ

‘رادھا کیوں گوری، میں کیوں کالا’ اور ریپ واقعات

ممبئی: بولی وڈ میں یوں تو ان دنوں اداکاراؤں، گلوکاراؤں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی دیگر خواتین کی جانب سے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور نازیبا واقعات کو ‘می ٹو’ مہم کے ذریعے سامنے لانے کا سلسلہ جاری ہے۔

تاہم ایسے ماحول میں بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کی گرل فرینڈ رومانیہ کی اداکارہ، ماڈل و گلوکارہ یولیہ وانتور کی جانب سے فلم میں جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کا کردار نبھانے کے موضوع پر بحث ہو رہی ہے۔

جی ہاں، یولیہ وانتور جنہوں نے بولی وڈ میں گانے اور ماڈلنگ سے آغاز تو پہلے ہی کردیا تھا، اب پہلی بار فلم میں بھی مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

38 سالہ یولیہ وانتور جلد ہی ‘رادھا کیوں گوری، میں کیوں کالا‘ نامی ایک سماجی موضوع پر بنی فلم میں ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی،جنہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس فلم میں ان کے ساتھ جمی شیر گل جیسے اداکار بھی کام کرتے نظر آئیں گے، جب کہ فلم کی ہدایات‘عشق ان پیرس، میں اور مسز کھنا’ جیسی فلموں کی ہدایات دینے والے پریم راج سونی دیں گے۔

‘رادھا کیوں گوری، میں کیوں کالا‘ کی پہلی جھلک کچھ دن قبل ہی جاری کی گئی تھی،جسے یولیہ وانتور نے اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا تھا۔

اپنی پہلی بولی وڈ فلم اور پہلے ہی موقع میں ایک جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی لڑکی کا کردار نبھانے پر یولیہ وانتور نے کہا ہے کہ انہوں نے یہ کردار اپنے دوست سلمان خان کے مشورے کے بعد ہی قبول کیا۔

‘مڈ ڈے’ سے بات کرتے ہوئے یولیہ وانتور نے انکشاف کیا کہ سلمان خان نے انہیں یہ کردار کرنے کا مشورہ دیا،کیوں کہ وہ ان سے زیادہ بہتر جانتے ہیں کہ کس شخص کو کیسا کردار ادا کرنا چاہیے۔

یولیہ وانتور کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے بولی وڈ میں 30 سال گزارے ہیں، اس لیے انہیں اچھی اور بری فلموں کا تجربہ ہے۔

انہوں نے ‘رادھا کیوں گوری،میں کیوں کالا’ میں اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ وہ فلم میں ایک ایسی خاتون کا کردار نبھا رہی ہیں، جنہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور وہ انصاف کے لیے اٹھ کھڑی ہوتی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق فلم کی کہانی ایک سچے واقعے سے متاثر ہوکر لکھی گئی ہے۔

‘رادھا کیوں گوری،میں کیوں کالا’ کو آئندہ برس مئی میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

اس فلم سے قبل رواں برس ریلیز ہونے والی سلمان خان کی ایکشن فلم ‘ریس تھری’ میں بھی یولیہ وانتور نے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کے ساتھ سیلفش گانے میں آواز کا جادو جگایا تھا۔

عاطف اسلم کے ساتھ گانا گانے سے قبل وہ رواں برس جنوری میں ٹی سیریز کے بینر تلے گلوکار منیش پال کے ریلیز ہونے والے گانے ‘ہرجائی’ میں جلوے اور آواز کا جادو بکھیرتی نظر آئیں تھیں۔

‘ہرجائی’ سے قبل یولیہ وانتور نے 2016 میں گلوکار ہمیش ریشمیا کے ساتھ ’آپ سے موسیقی‘ گانا گایا تھا، جسے کوئی پذیرائی حاصل نہیں ہوئی تھی۔

یولیہ وانتور کی اس فلم کے حوالے سے پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ وہ اس میں رندیپ ہودا کے ساتھ رومانس کرتی دکھائی دیں گی، تاہم تاحال فلم کی ٹیم نے رندیپ ہودا کو کاسٹ کیے جانے کا اعلان نہیں کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close