خود سے 37 سالہ چھوٹی شاگرد سے جسمانی تعلقات نہیں، انوپ جلوتا
ممبئی: بھارتی ٹیلی وژن ‘کلرز’ کے متنازع ریئلٹی شو ‘بگ باس’ کا آغاز گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو ہوا تھا، جس میں شامل کئی کانٹیسٹنر متنازع ہیں۔ اس بار بھی ‘بگ باس’ کی میزبانی سلمان خان کر رہے ہیں، جب کہ اس بار اس شو کی تھیم ‘جوڑی’ رکھی ہے، جس کے تحت تمام کانٹیسٹر جوڑی کی صورت میں شریک ہوئے۔
’بگ باس 12’ کو شروع ہوئے ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران پروگرام سے کئی متنازع خبریں بھی سامنے آئیں، تاہم 28 اکتوبر کو آنے والی خبر نے سب کو حیران کردیا۔
28 اکتوبر کو پروگرام کے میزبان سلمان خان نے پروگرام میں شام ہونے والے 65 سالہ بھارتی گلوکار انوپ جلوتا کو پروگرام سے بے دخل کردیا۔
پروگرام سے بے دخل ہونے کے بعد انوپ جلوتا نے جہاں پریس کانفرنس میں اپنے حوالے سے جاری خبروں پر پریس کانفرنس کی، وہیں انہوں نے متعدد نشریاتی اداروں کو انٹرویوز بھی دیے۔
انوپ جلوتا نے ان خبروں اور الزامات کو مسترد کیا کہ انہوں نے پہلے ہی بیچ پروگرام میں شو سے باہر آنے کا فیصلہ کرلیا تھا، کیوں کہ انہیں چند میوزک فیسٹیول کرنے تھے۔
انوپ جلوتا نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کلرز ٹی وی انتطامیہ اور شو کی ٹیم کے ساتھ 105 دن تک شو میں رہنے کا معاہدہ ہوا تھا، تاہم انہیں صرف اس وجہ سے نکال دیا گیا کہ پروگرام کے میزبان یہ سمجھتے ہیں کہ میں ایک ایسا شخص ہوں جسے صرف اپنی ہی فکر ہوتی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران انوپ جلوتا نے ان خبروں کو بھی مسترد کردیا کہ ان کے اپنی ہی شاگرد گلوکارہ اور خود سے 37 سال کم عمر جیسلین میتھیو سے جسمانی تعلقات ہیں۔
انہوں نے اپنے اور جیسلین میتھیو کے درمیان جسمانی تعلقات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اور ان کی شاگردہ کا ایک دوسرے سے استاد اور طالب علم والا رشتہ ہے۔
انوپ جلوتا نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے بگ باس 12 میں جیسلین میتھو کی وجہ سے ہی شرکت کی، کیوں کہ وہ چاہتے تھے کہ ان کی طالبہ کو شہرت ملے۔
انوپ جلوتا کے مطابق ان کے اور جیسلین میتھیو کے درمیان جسمانی نہیں بلکہ میوزیکل ریلیشن ہیں، جو روحانی ہوتے ہیں۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ تنہائی میں کبھی نہیں ملتے، وہ صرف گانا گانے کے لیے ملتے ہیں، آج تک دونوں نے صرف ایک درجن سے کم ملاقاتیں کی ہیں، جن میں سے 6 ملاقاتیں گلوکار کے گھر پر جب کہ 5 جیسلین میتھو کے گھر پر ہوئی ہیں۔
انوپ جلوتا کے مطابق بگ باس شروع ہونے سے قبل جیسلین میتھیو کے والد نے بھی ان سے گزارش کی تھی کہ وہ ان کی بیٹی کو شہرت دلانے میں ان کا ساتھ دیں۔
خیال رہے کہ انوپ جلوتا نے 26 ستمبر کو بگ باس 12 کی پہلی ہی قسط میں یہ اعتراف کیا تھا کہ وہ گزشتہ چند سال سے اپنی ہی شاگرد گلوکارہ اور خود سے 37 سالہ کم عمر جیسلین میتھیو سے محبت کر رہے ہیں۔
پروگرام کی پہلی قسط میں جیسلین میتھیو نے بھی کہا تھا کہ انہیں اپنے ہی استاد سے محبت کا اعتراف کرنے اور اسے سب کے سامنےلانے میں کافی وقت لگا اور انہیں یقین ہے کہ ان کے فیصلے سے سب کو حیرت ہوگی، تاہم یہ حقیقت ہے کہ ہم دونوں پیار کرتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 28 سالہ جیسلین میتھیو نے 65 سالہ گلوکار انوپ جلوتا سے کئی سالوں سے گلوکاری سیکھ رہی تھیں، تاہم 2014 کے بعد ان کے درمیان اس وقت محبت ہوئی، جب گلوکار کی تیسری بیوی میگھا گجرال کی موت ہوئی۔
65 سالہ انوپ جلوتا نے 3 شادیاں کیں، جن میں سے ان کی آخری بیوی میگھنا گجرال ہندوستان کے سابق وزیر اعظم اعظم اندر کمار (آئی کے) گجرال کی بھتیجی تھی۔
اس سے قبل بھی انہوں نے دو شادیاں کیں، تاہم وہ زیادہ کامیاب نہ ہوسکیں۔
بگ باس 12 کی پہلی قسط میں نہ صرف 65 سالہ گلوکار نے اپنی ہی شاگرد اور خود سے 37 سالہ کم عمر 28 سالہ جیسلین میتھیو سے محبت کا اعتراف کیا تھا بلکہ جلد شادی کا ارادہ بھی ظاہر کیا تھا۔