شاہ رخ خان کے لیے ہرن کی کھال سے پشاوری چپل کا تحفہ تیار
شاہ رخ کو پشاوری چپل بہت پسند ہے۔ انہیں کچھ عرصہ قبل شاہ رخ نے فون کر کے اپنی پسند کا اظہار کیا اور فرمائش کی کہ وہ پشاوری چپل پہننا چاہتے ہیں۔
ان کی چچا زاد بہن نے جب یہ آرڈر دیا تو کاریگر جہانگیر خان نے پختون روایات کے مطابق اپنی طرف سے تحفہ کے طور پر ہرن کی کھال سے خصوصی چپل تیار کی۔ جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ اس نے ایک ماہ کی مدت میں یہ چپل تیار کی ہے۔
جہانگیر خان پشاور میں چپلوں کے مشہور کاریگر ہیں اور ان کی بنائی ہوئی چپلیں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور وزیر اعظم پاکستان نواز شریف بھی پہن چکے ہیں۔
یہ چپل تیاری کے بعد شاہ رخ خان کی کزن نور جہاں کے حوالے کردی گئی ہیں جو اگلے ماہ بھارت جائیں گی۔ وہ وہاں شاہ رخ خان کے گھر جائیں گی اور انہیں یہ تحفہ پیش کریں گی۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کا تعلق پشاور سے ہے اور ان کی یہ چچا زاد بہن اب شاہ رخ کے آبائی گھر میں ہی مقیم ہیں جہاں شاہ رخ کا بچپن گزرا ہے۔