فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی ناکامی ڈسٹری بیوٹرز کو لے ڈوبی
ممبئی: سلمان خان کی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کے بعد اب عامر خان کی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی ناکامی نے بھی فلم ڈسٹری بیوٹرز کو پریشان کردیا۔ بالی ووڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی موجودگی کسی بھی فلم کی کامیابی کے لیے کافی ہوتی ہے اور ان کی پچھلی تمام فلمیں ہی بلاک بسٹر ثابت ہوئی ہیں جن میں ’تھری ایڈئٹس، ’پی کے‘، دھوم تھری‘ اور ’دنگل‘ شامل ہیں، تاہم اس بار ان کے ہمراہ لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی موجودگی کے باوجود فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ مداحوں کو اپنے طرف کھینچنے میں ناکام رہی اور دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونے کے باوجود فلم پہلے ہفتے میں وہ بزنس حاصل نہ کرسکی جس کی امید کی جارہی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کی فلم نے جہاں مداحوں کو مایوس کیا وہیں فلم ڈسٹری بیوٹرز کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور اب انہوں نے ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی انتظامیہ سے نقصان کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا تھا کہ ہمیں تقریباً اتنا ہی نقصان ہوا ہے جتنا بالی ووڈ سلطان سلمان خان کی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ میں ہوا تھا لیکن سلمان خان نے ہمیں پیسے دے کر نقصان کا ازالہ کردیا تھا اور اب ہمیں امید ہے کہ ’یش راج فلمز‘ اور عامر خان تک ہمارا یہ پیغام پہنچ گیا ہوگا اور وہ بھی ہمارے نقصان کا ازالہ کریں گے کیوں کہ ہم جانتے ہیں کہ انہوں نے دیگر ذرائع سے اس فلم سے اتنے پیسے تو کما لیے ہوں گے۔