مجھے کہا گیا شادی کے بعد مجھے کوئی کاسٹ نہیں کرے گا، کرینہ کپور
ممبئی: جب کرینہ کپور خان نے 2012 میں سیف علی خان سے شادی کی تو متعدد افراد نے اسے اداکارہ کے کیرئیر کے لیے خودکش اقدام قرار دیا تھا۔ یہ انکشاف بولی وڈ اداکارہ نے اپنے پہلے ریڈیو شو کے افتتاح کے موقع پر کیا۔
انہوں نے کہا ‘ میں ہمیشہ اپنے دل کے کہنے پر عمل کرتی ہوں، جب میں شادی کررہی تھی تو متعدد افراد نے کہا کہ شادی مت کرو، تمہارا کیرئیر ختم ہوجائے گا، کوئی پروڈیوسر دوبارہ سائن نہیں کرے گا اور تمہیں کوئی کام نہیں ملے گا’۔
مگر ایسا نہیں ہوا اور شادی کے بعد اب وہ پہلے سے بھی زیادہ مصروف ہیں۔
ان کے بقول ‘ شادی کے بعد مجھے اپنی پسند کا زیادہ کام کرنے کا موقع ملا، میں بہت زیادہ کام نہیں کرنا چاہتی تو میں ہمیشہ سے ان خواتین میں سے ایک ہوں جو اپنی مرضی کے مطابق کام کرتی ہیں اور میں کسی کی نہیں سنتی’۔
انہوں نے بھارت میں می ٹو تحریر کو پھیلانے والی خواتین کو بھی سراہا۔
ان کا کہنا تھا ‘اب ہم عوامی طور پر اس پر بات کرنے لگے ہیں، یہاں ایس متعدد خواتین ہیں جو کہ آگے آئیں اور اس پر بات کی، یہ آغاز ہے، یہ بھی حقیقت ہے کہ برسوں تک لوگوں نے اس بات نہیں کی، آج لوگ آگے آرہے ہیں اور میں ان خواتین کو سراہتی ہوں، جن میں کھڑے ہونے اور بات کرنے کی ہمیت تھی، اس سے ہمیں اپنی دفاتر میں تبدیلی اور سیکیورٹی ملنے میں مدد ملے گی’۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فلمی صنعت کی تمام خواتین چاہے وہ کوئی بھی کام کرتی ہوں، کو اپنے کام کے دوران تحفظ کا احساس ملنا چاہئے۔
کرینہ نے کہا ‘ یہ کوئی معنی نہیں رکھتا کہ آپ سب سے بڑے اسٹار ہیں یا سب سے چھوٹے، خواتین کو تحفظ ملنا چاہئے، اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس مہم کو آگے بڑھایا جائے، ہمیں بات چیت کو زندہ رکھنا چاہئے اور جب ہم ایسا کریں گے تو بہت کچھ بدل جائے گا’۔