کم کام، معیاری اسکرپٹ و کردار میری پہلی ترجیح ہے: صنم سعید
کراچی: اداکارہ صنم سعید نے کہاہے کہ کم کام ،معیاری سکرپٹ و کردار میری پہلی ترجیح ہے ، سکرین پر ایک فنکارہ کیلئے عمدہ کردارنگاری ہی سب کچھ ہوتی ہے۔ تھیٹر اور ٹی وی الگ الگ شعبے ہیں ،تھیٹر میں ریہرسل بہت کرنا پڑتی ہے، لائیو پرفارم کرتے ہوئے ری ٹیک کی گنجائش نہیں ہوتی جبکہ اگر آپ ڈرامے کے دوران لائنیں بھول گئے تو بات بنانا پڑتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انکا کہنا تھا میں ہر ڈرامے اور شو کی آفر قبول نہیں کرتی بلکہ سکرپٹ ، ٹیم اور بہت کچھ جاننے کے بعدہی فیصلہ کرتی ہوں کہ یہ کرنا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا دل تو چاہتا ہے کہ سال میں صرف ایک ہی پراجیکٹ کروں لیکن روزی روٹی کی خا طر زیادہ کام کرنا پڑتا ہے،انہوں نے کہا ہر نیا ڈرامہ ایک فنکارہ کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوتا اسکو پہلی والی پرفارمنس سے بہتر پرفارمنس ہی زندہ رکھ سکتی ہے ۔