دہلی میں ہند۔ پاک دستکاروں کا اجتماع آئندہ سال
نئی دہلی: ہندوستان او رپاکستان کے رشتوں میں بڑھتی ہوئی تلخی کے درمیان دونوں ملکوں کے دست کاراگلے سال جنوری میں یہاں منعقد ہونے والے تین روزہ پروگرام ’ کیا دہلی کیا لاہور‘ میں ایک ساتھ اپنے ہنر کا مظاہرہ کریں گے۔
کیا دہلی کیا لاہور کی منتطم ہمانصر نے یو این آئی کو بتایا کہ اس پروگرام کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد دہلی میں اگلے سال پانچ سے سات جنوری کے درمیان کیا جائے گا۔ اس میں پاکستان کے فیشن او رلائف اسٹائل سے وابستہ نمائش کے ساتھ ساتھ پاکستانی فن کار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔اس دوران پاکستانی کھانوں کا بھی لطف اٹھایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے فیشن ڈیزائنروں کو ایک اسٹیج پر لانے کے مقصد سے ہم نے ستمبر 2015 میں کیا دہلی کیا لاہور کے پہلے ایڈیشن کا انعقاد جشن پاکستان کے نام سے یہاں کیا تھا او رپھر مارچ 2016میں ہندوستانی فن کاروں کو لاہور لے کر گئے تھے۔
دونوں جگہ ہمارا پروگرام کافی کامیاب رہا۔ اس کی کامیابی سے حوصلہ پاکر ہم نے اسے اب صرف فیشن اور لائف اسٹائل نمائش کے بجائے آرٹ اور کلچر کے تبادلہ کا اسٹیج بنایا ہے۔ ہما نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ہندوستان اور پاکستان کے آرٹ اور کلچر کی وراثت کا جشن منانا ہے۔ تین دن کے پروگرام کے دوران پہلے دن ایک شام دوستی کے نام پروگرام ہوگا۔
اس میں دونوں ملکوں کے فن کار ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ اس دوران میوزیکل نائٹ کا بھی انعقاد ہوگا۔ جس میں صنم ماروی’ سید اسرار شاہ اور دیگر پاکستانی گلوکار اپنی آواز کا جادو بکھیریں گے۔ا س کے بعد اگلے دو دن فیشن ڈیزائنروں کے نام ہوں گے جن میں پاکستان سے آئے چوبیس ڈیزائنروں کے ساتھ ہندوستانی ڈیزائنر بھی اپنے کلکشن کی نمائش کریںگے۔ انہوں نے بتایاکہ دہلی میں اس کے انعقاد کے بعد مارچ میں اسے لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔