بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ نے شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا
ممبئی: بالی ووڈ کی بے باک اور تنازعات میں گھری اداکارہ راکھی ساونت نے اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر بدھ کے روز دعوت نامہ ارسال کرتے ہوئے اعلان کیا۔
انسٹا گرام پر شیئر ہونے والے دعوت نامے کے رکھی ساونت دپیک لال سے 31 دسمبر 2018 کو لاس اینجلس کے مقام پر شادی کریں گی، مرکزی تقریب میں صرف اہل خانہ اور قریبی دوست ہی شرکت کریں گے۔
بعد ازاں دپیک لال جو انڈیا کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں جج کے فرائض انجام دے رہے ہں انہوں نے بھی اپنے اکاؤنٹ سے شادی کا دعوت نامہ شیئر کیا۔
بھارتی میڈیا ’انڈین ایکسپریس‘ سے گفتگو کرتے ہوئے راکھی نے شادی کی تصدیق کی اور کہا کہ ’بالی ووڈ میں شادیوں کا سیزن ہے تو ہم نے بھی سوچا اس موقع سے فائدہ اٹھایا جائے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’دپیک نے مجھے شادی کی پیش کش ایک پروگرام کے دوران کی جس کے بعد میں نے اپنے اہل خانہ سے مشورہ کرنے کے بعد حامی بھری اور پھر تاریخ طے ہوگئی‘۔
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں بالی ووڈ میں اچانک شادیوں کا سیزن شروع ہوا تھا، سب سے پہلے سونم کپور پھر اداکارہ نیہا دھوپیا اور پھر میوزک کمپوزر ہمیش ریشمیا نے ایک ہی ہفتے میں شادی کی تھی، بعد ازاں 18 اگست کو پریانکا چوپڑا نے منگنی کی جن کی شادی رواں سال دسمبر میں ہوگی جبکہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون حال ہی میں ازداجی بندھن میں بندھے اس کے علاوہ معروف بالی ووڈ کامیڈین کپل شرما نے بھی شادی کی تاریخ کا اعلان کیا۔