بھارتی اداکارہ پریانکا اور نک جونس کی شادی کا آغاز
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، دونوں فنکار 2 دسمبر کو ازدواجی بندھن میں بند جائیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز مہندی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف بھارتی تاجر مکیش انبانی اور اُن کی اہلیہ سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگائے۔
چونکہ دلہن اور دلہا علیحدہ علیحدہ مذاہب سے تعلق رکھتے ہیں اس لیے شادی کی تقریب بھی دو الگ مذہبی رسومات کے تحت منعقد کی جائے گی۔
نک جونس کا تعلق عیسائی اور پریانکا ہندو مذہب سے تعلق رکھتی ہیں، دو دسمبر کو ہندو جبکہ تین دسمبر کو عیسائی مذہب کے تحت شادی کی رسومات ادا کی جائیں گی۔
شادی کی مرکزی تقریب نئی دہلی کے بارا دری لان میں منعقد کی جائے گی، جہاں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت 750 مہمانوں کی آمد متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکار ازدواجی بندھن میں بندھنے کے بعد بھارت کے شہر گوا چلے جائیں گے۔
شادی کی تصاویر قبل از وقت لیک نہ ہونے کے خدشے کے پیش نظر پریانکا اور نک جونس نے بھی دپیکا اور رنویر کی طرح تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے موبائل استعمال پر پابندی لگا دی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق دونوں اسٹارز نے اپنی شادی کی تصاویر کے حقوق بین الاقوامی میگزین کو 33 کروڑ روپے میں فروخت کیے اسی باعث مہمانوں کے موبائل کیمروں کو پنڈال میں داخل ہونے سے قبل ناکارہ بنا دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ نک جونس اور پریانکا کے درمیان رواں برس جولائی میں منگنی ہوئی، امریکی گلوکار کے اہل خانہ ممبئی پہنچے تھے اور تقریب میں صرف مخصوص لوگوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ نے ممکنہ منگنی کے پیش نظر اپنی نئی آنے والی فلم ’بھارت‘ سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی جس کے بعد کترینہ کیف کو اُن کی جگہ مرکزی کردار دیا گیا۔
’بھارت‘ کے ہدایت کار علی عباس ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصدیق کی کہ اب پریانکا فلم کی کاسٹ کا حصہ نہیں ہیں ساتھ ہی انہوں نے منگنی کی طرف اشارہ بھی دیا تھا۔
قبل ازیں بھارتی میڈیا کے ذرائع نے جون کی 27 تاریخ کو دعویٰ کیا تھا کہ پریانکا چوپڑا جولائی یا اگست میں امریکی گلوکار نک جانس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
اداکارہ اور امریکی گلوکار کی پہلی ملاقات گزشتہ برس میٹ گالا پر ہوئی جس کے بعد دونوں کے درمیان قربتیں بڑھیں اور پھر یہ لوگ ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے۔
نک جانس نے امریکی ڈرامے کوانٹیکو کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ سے محبت اور شادی کی خواہش کا اظہار کی جسے پریانکا نے قبول کرلیا تھا۔
امریکی گلوکار رواں سال جون کے آخری ایام میں امریکا سے پریانکا کے ساتھ بھارت پہنچے تھے، اُن کے دورے کا مقصد اداکارہ کی والدہ کو راضی کرنا اور منگنی کی تاریخ کے ساتھ دن بھی طے کرنا تھا جس میں وہ کامیاب ہوگئے۔
شادی کے حوالے سے دونوں شخصیات نے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی تاہم قریبی ذرائع نے اس بات کا دعویٰ ہے کیا تھا کہ جولائی کے آخری یا اگست کے اوائل میں دونوں منگنی کرلیں گے۔