رنویر اور عالیہ کی فلم ’گلی بوائے‘ کے نام ریلیزسے قبل ہی بڑا اعزاز
ممبئی: ناموربالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی فلم ’گلی بوائے‘ برلن فلم فیسٹیول میں دکھائی جائے گی۔
اداکاررنویرسنگھ اورعالیہ بھٹ کی آنے والی فلم ’گلی بوائے‘ اگلے سال ہونے والے انٹرنیشنل برلن فلم فیسٹیول میں دکھائے جائے گی۔ رنویر سنگھ نے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے لیے اپنی فلم کے انتخاب پر خوشی کا اظہار ٹوئٹر پرکیا۔ 69 ویں برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا آغاز 7 فروری سے ہوگا جو 17 فروری تک جاری رہے گا۔
برلن میں منعقد ہونے والے اس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس، ترکی اورجرمنی سمیت متعدد ممالک کی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ زویا اختر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’گلی بوائے‘ ابھی تک بھارت میں ریلیز نہیں ہوئی ہے تاہم فلم مکمل طور پر تیار ہے اوراس کا پریمئربرلن فلم فیسٹیول میں ہوگا۔ فلم بھارت میں اگلے سال 14 فروری کو ریلیز کی جائے گی۔