’کیا میں کہیں سے بھی اس کا والد لگتا ہوں؟‘
بولی وڈ اداکار انیل کپور بہت جلد پہلی مرتبہ اپنی بیٹی اداکارہ سونم کپور کے ساتھ فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ میں کام کرتے نظر آئیں گے۔
فلم کا ٹیزر بھی کچھ ماہ قبل ریلیز ہوا تھا، جسے دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ انیل کپور فلم میں سونم کپور کے والد کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ پہلی فلم نہیں جس میں انیل کپور کو سونم کپور کے والد کا کردار ادا کرنے کی آفر دی گئی ہو۔
اس سے قبل 2012 میں ریلیز ہوئی فلم ’پلیئرز‘ میں بھی ہدایت کار عباس اور مستان نے انیل کپور کو اسکرین پر سونم کپور کے والد بننے کی آفر دی تھی۔
تاہم انیل کپور نے اس آفر کو ٹھکراتے ہوئے جوان دیا کہ ’کیا میں کہیں سے بھی اس کا والد لگتا ہوں؟‘
اس بات کا انکشاف کرن جوہر نے ایک شو کے دوران کیا، جہاں وہ اداکاروں کے اسکرین پر والد بننے کے کردار کے حوالے سے بات کررہے تھے۔
یاد رہے کہ انیل کپور کے انکار کے بعد یہ کردار آنجانی اداکار ونود کھنہ نے ادا کیا تھا۔
کرن جوہر کے ساتھ اس ایونٹ میں انیل کپور کی چھوٹی بیٹی ریہا کپور بھی موجود تھیں جنہوں نے بتایا کہ ان کے والد اسکرین پر والد کا کردار ادا کرنے کے لیے مشکل سے راضی ہوتے ہیں۔
ریہا نے بتایا کہ ان کے والد نے 2015 میں ریلیز ہوئی فلم ’دل دھڑکنے دو‘ میں کام کرنے کی حامی پورے ایک سال بعد دی۔
یاد رہے کہ اس فلم میں انیل کپور پریانکا چوپڑا اور رنویر سنگھ کے والد بنے تھے۔
جبکہ ریہا نے یہ بھی بتایا کہ انیل کپور نے اس کردار کے لیے بےحد محنت کی، کیوں کہ وہ چاہتے تھے کہ اگر وہ اسکرین پر والد کا کردار ادا کریں تو وہ سب سے اچھے والد نظر آئیں۔
واضح رہے کہ اس فلم میں انیل کپور کی کارکردگی کو خوب سراہا گیا تھا۔