‘لیجنڈ آف مولا جٹ’ کا ٹریلر ریلیز: ‘یقین نہیں آرہا، کیا یہ واقعی پاکستانی فلم ہے؟’
کراچی: فواد، ماہرہ اور حمزہ علی عباسی کی نئی فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کا پہلا ٹریلر ریلیز کردیا گیا، جسے دیکھنے کے بعد مداحوں اور سلیبرٹیز کی جانب سے پسندیدگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔
بلال
لاشاری کی ہدایات میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں فواد اور ماہرہ کے
علاوہ حمائمہ ملک، حمزہ علی عباسی، گوہر رشید، فارس شفیع، شفقت چیمہ، نیئر
اعجاز اور صائمہ بلوچ بھی شامل ہیں۔
2 منٹ 22 سیکنڈز کے دورانیے پر مشتمل فلم کا ٹریلر مکمل طور پر ایکشن اور ایڈونچر سے بھرپور ہے، جس میں فواد خان ‘مولا جٹ’ اور حمزہ علی عباسی ‘نوری نتھ’ کے کردار میں پرفیکٹ نظر آئے۔
اس ٹریلر میں ایکشن کے ساتھ ساتھ رومانس کا تڑکا بھی نظر آیا جبکہ مولا جٹ اور نوری نتھ کی لڑائی نے بھی مداحوں کو دانتوں میں انگلیاں دبانے پر مجبور کردیا۔
ٹریلر دیکھنے کے بعد ‘لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی کہانی 1979 میں بننے والی فلم ’مولا جٹ‘ کی سے کافی مختلف معلوم ہو رہی ہے۔
فلم کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی #TheLegendofMaulaJatt
ٹوئٹر اور گوگل پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور مداحوں کے تبصروں سے ایسا معلوم
ہو رہا ہے کہ انہیں یقین ہی نہیں آرہا کہ یہ کسی پاکستانی فلم کا ٹریلر ہے۔
ایک صارف نے لکھا، ‘مولا جٹ کا ٹریلر دیکھ کر مجھے یقین نہیں آرہا کہ کیا یہ واقعی پاکستانی فلم ہے؟’
ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ‘یہ پاکستان کی پہلی فلم ہوگی، جو انشاء اللہ 100 کروڑ کلب میں شامل ہوگی’۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ فلم کا ٹریلر دیکھ کر بس ایک ہی لفظ ذہن میں آتا ہے، ‘او میرے خدا’۔
ایک صارف نے تو فلم، اداکاروں اور پوری ٹیم کے لیے تعریفوں کے پُل ہی باندھ دیئے۔
ایک صارف نے اسے ماضی کی فلم ‘مولا جٹ’، ہالی وڈ فلم ‘گلیڈی ایٹرز’ اور مشہور ڈرامہ سیریر ‘گیم آف تھرونز’ کا شاندار مکس قرار دیا۔
شائقین کی جانب سے فلم کی سینماٹوگرافی کو بھی شاندار قرار دیا جارہا ہے۔
شائقین کے ساتھ ساتھ کئی مشہور پاکستانی اور بھارتی شخصیات نے بھی فلم کا ٹریلر دیکھ کر ٹوئیٹ کی، جن میں علی ظفر، فیروز خان، کبریٰ خان اور بھارتی فلمساز انوراگ کشیپ بھی شامل ہیں۔
گلوکار اور اداکار علی ظفر نے لکھا کہ ‘یہ فلم انڈسٹری کے لیے نئے معیار قائم کرنے کے ساتھ ساتھ باکس آفس پر بھی ریکارڈ قائم کرے گی’۔
اداکار فیروز خان نے تو اپنی بہن حمائمہ ملک کی فلم کا ٹریلر دیکھ کر نہ صرف تعریفوں کے پُل باندھے بلکہ بہن کے لیے محبت اور کامیابی کی دعا بھی کی۔
اداکارہ کبریٰ خان فلم کا ٹریلر دیکھ کر اپنی کیفیات بتاتے ہوئے ‘انتہائی جذباتی’ نظر آئیں۔
بھارتی فلمساز انوراگ کشیپ نے بھی ‘لیجنڈ آف مولا جٹ’ کا ٹریلر دیکھ کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
‘لیجنڈ آف مولا جٹ’ کو پاکستان کی مہنگی ترین فلم قرار دیا جارہا ہے، جس کا اندازہ اس میں لگائے گئے سیٹس اور بہترین سینماٹوگرافی سے بھی ہو رہا ہے۔
یہ فلم اگلے برس عید الفطر پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جسے پاکستانی اور چینی سینماؤں میں بیک وقت ریلیز کیا جائے گا۔