قادر خان مرتے دم تک امیتابھ بچن کی بے حسی پر بات کرتے رہے
بولی وڈ کے شہنشاہ مذاق کہلائے جانے والے 81 سالہ اداکار قادر خان طویل علالت کے بعد یکم جنوری کو کینیڈا میں انتقال کر گئے تھے۔
قادر خان کو دسمبر 2018 کے آخری ہفتے میں تشویش ناک حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیا تھا، انہیں سانس لینے میں دشواری سمیت نمونیا کا اثر ہوگیا تھا۔
قادر خان کی نماز جنازہ 2 جنوری کو ادا کرکے ٹورنٹو میں ہی ان کی تدفین کردی گئی تھی۔
حیران کن طور پر بولی وڈ کو نصف سے زیادہ زندگی دینے والے قادر خان کی نماز جنازہ میں کسی بھی اداکار و فلم ساز نے شرکت نہیں کی تھی۔
تاہم قادر خان کی نماز جنازہ میں ان کے لاتعداد مداحوں نے شرکت کی۔
والد کی نماز جنازہ میں فلمی شخصیات کی جانب سے شرکت نہ کیے جانے پر جہاں ان کے بڑے بیٹے سرفراز خان نے پہلے دن ہی شکوے کیے تھے، وہیں بعد ازاں انہوں نے بولی وڈ اداکاروں کی بے حسی پر بھی افسوس کا اظہار کیا تھا۔
ڈی این اے انڈیا کے مطابق قادر خان کے بیٹے سرفراز خان نے بھارتی خبر رساں ادارے ’آئی اے این ایس‘ سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے والد مرتے دم تک امیتابھ بچن کی باتیں کرتے رہے۔ قادر خان نے فلم انڈسٹری کو 47 سال دیے—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز
سرفراز خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک بار اپنے والد سے پوچھا تھا کہ وہ کون سی بولی وڈ شخصیت ہیں، جنہیں وہ سب سے زیادہ یاد کرتے ہیں۔
اداکارہ کے بیٹے کے مطابق ان کے والد نے امیتابھ بچن کا نام لیا اور وہ مرتے دم تک ان کا ذکر کرتے رہے۔
قادر خان کے بیٹے نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ امیتابھ بچن تک یہ بات پہنچے کہ ان کے والد مرتے دم تک ان کی بے حسی اور محبت پر بات کرتے رہے۔ اداکار اپنے بیٹوں کے ساتھ، ان کے تین بیٹے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
علاوہ ازیں قادر خان کے بیٹے نے معروف اداکار گووندا کی بے حسی پر بھی کھل کر بات کی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سرفراز خان کا کہنا تھا کہ اگرچہ گووندا ان کے والد کو نہ صرف استاد بلکہ والد بھی کہتے اور سمجھتے تھے، تاہم انہوں نے ایک بار بھی فون کرکے ان سے طبیعت نہیں پوچھی۔
سرفراز خان نے گووندا کی بے حسی پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ والد کے انتقال کے بعد بھی گووندا نے انہیں فون نہیں کیا اور وہ خود کو قادر خان کے شاگرد اور بچے سمجھتے تھے۔ گووندا کے ساتھ ان کی جوڑی سراہی جاتی تھی—اسکرین شاٹ
سرفراز خان نے افسردہ ہوتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے انہیں ہمیشہ یہی سبق دیا کہ کسی پر کوئی اعتبار نہیں کرنا یہ نہ سمجھنا کہ کوئی آکر ان کی مدد کرے گا۔
قادر خان کے بیٹے نے نہ صرف بولی وڈ اداکاروں بلکہ پوری فلم انڈسٹری کو ہی منافق قرار دیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ نصف سے زائد زندگی فلموں کو دینے والے ان کے والد کو بھلا دیا گیا۔
خیال رہے کہ قادر خان نے 1971 میں بولی وڈ کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے 300 سے زائد فلموں میں شاندار کردارادا کیے، جب کہ250 سے زائد فلموں کے ڈائلاگ لکھے۔
قادر خان نے ہی امیتابھ بچن کی معروف فلموں ’شرابی، لاوارث، مقدر کا سکندر، نصیب اور اگنی پتھ‘ جیسی فلموں کے ڈائلاگ لکھے اور ان ہی فلموں کی وجہ سے امیتابھ بچن کو پہلی بار فلمی ایوارڈز ملے۔ سلمان خان بھی قادر خان کے ساتھ کام کر چکے—پرومو فوٹو
امیتابھ بچن اور قادر خان نے متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، تاہم بعد ازاں اختلافات پیدا ہونے کی وجہ سے دونوں نے ایک ساتھ کام نہیں کیا۔
قادر خان کی ایک 7 سال پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ ایک انٹرویو کے دوران امیتابھ بچن سے ہونے والے اختلافات پر بات کرتے نظر آ رہے ہیں۔
قادر خان ویڈیو میں بتاتے نظر آتے ہیں کہ فلم پروڈیوسر و اداکار امیتابھ بچن کو ’سر جی‘ بلاتے تھے اور وہ انہیں ’امیت‘ کے نام سے بلاتے تھے، کیوں کہ ان دونوں کے درمیان گہری دوستی تھی۔
قادر خان انٹرویو میں بتاتے ہیں کہ انہوں نے امیتابھ بچن کو سر نہیں بلایا، جس وجہ سے انہیں آہستہ آہستہ کام ملنا کم ہوگیا اور حالت یہاں تک آ پہنچیں کہ انہوں نے امیتابھ بچن کے ساتھ کی جانے والی چند فلموں کو ادھورا ہی چھوڑا۔
قادر خان نہ صرف گووندا اور امیتابھ بچن بلکہ انہوں نے دیگر کئی بڑے بڑے اسٹارز کے ساتھ بھی کام کیا تھا۔
اگرچہ بولی وڈ شخصیات نے قادر خان کے انتقال پر سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات لکھے تھے، تاہم کسی بھی شخصیت کو ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی توفیق نہ ہوئی۔