انٹرٹینمنٹ

’ٹھاکرے‘ سے بچنے کیلئے عمران ہاشمی اور کنگنا رناوٹ پیچھے ہٹ گئے

ویسے تو سینما انڈسٹری کا ہر پروڈیوسر یہی چاہتا ہے کہ جب اس کی فلم ریلیز ہو، تو اس کے مدمقابل کوئی دوسری فلم سامنے نہ آئے، تاکہ اس کی فلم کی کمائی متاثر نہ ہوپائے، لیکن بولی وڈ انڈسٹری میں ہر جمعہ کے دن ریلیز ہونے والی فلموں کا کسی نہ کسی دوسری فلم سے مقابلہ ضرور ہوتا ہے۔

ہندی سینما انڈسٹری کی تاریخ میں ایسا کئی مرتبہ ہوا ہے جب دو سے تین فلمیں ایک ہی دن سینما گھروں میں ریلیز کی گئیں ہوں اور ان میں سے کسی ایک فلم کو کامیابی نصیب ہو جبکہ دوسری بری طرح ناکام ہوجائے۔

یا کبھی ایسا بھی ہوا کہ دونوں ہی فلمیں اچھی کمائی کرلیں۔

لیکن جب کوئی پروڈیوسر اور ڈائیریکٹر ایک مرتبہ اپنی فلم کو کوئی ریلیز کی تاریخ دے دے تو وہ اس سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہوتا، جبکہ اس ہی دن سامنے آنے والی دوسری فلم سے مقابلہ کرنے کا تیار ہوتا ہے۔

لیکن اگر فلم بھارت کی انتہا پسند جماعت شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے پر بنائی جارہی ہو، تو کیا ہندی فلم انڈسٹری کا کوئی اداکار اس فلم سے ٹکر لینے سامنے آئے گا؟

شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے بھارتی ریاست مہاراشٹر کے سب سے بڑے اسٹار مانے جاتے ہیں، جن کی زندگی پر ہدایت کار ابھیجیت پانسے نے فلم تیار کی ہے جس کی پروڈکشن ویاکام موشن پکچرز، کارنیول موشن پکچرز اور سنجے راؤٹ نے دی ہے۔

اس فلم میں نوازالدین صدیقی بال ٹھاکرے کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے، جبکہ امریتا راؤ بال ٹھاکرے کی اہلیہ مینا تائی ٹھاکرے بنی ہیں۔

اس فلم کو 25 جنوری 2019 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اس ہی روز دو اور بڑی بولی وڈ فلمیں بھی ریلیز کی جانے والی تھیں جن میں اداکار عمران ہاشمی کی فلم ’چیٹ انڈیا‘ اور کنگنا رناوٹ کی فلم ’منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی‘ شامل ہیں۔

یہ تینوں ہی فلمیں موضوع کے حساب سے ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔

فلم ’ٹھاکرے‘ باک ٹھاکرے کی زندگی کی کہانی پر مبنی ہے، جبکہ عمران ہاشمی کی فلم ’چیٹ انڈیا‘ بھارتی تعلیمی نظام کے موضوع پر مبنی ہے۔

دوسری جانب کنگنا رناوٹ کی فلم جھانسی کی رانی کی کہانی ہے۔

لیکن ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ جس دن فلم ’ٹھاکرے‘ ریلیز ہورہی ہو، اس ہی روز کئی اور فلمیں بھی سینما گھروں کا حصہ بنیں؟

اور یہی وجہ ہے کہ عمران ہاشمی نے اپنی فلم ’چیٹ انڈیا‘ کی ریلیز تاریخ تبدیل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فلم ’چیٹ انڈیا‘ کی ٹیم نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ وہ اپنی فلم کی ریلیز تاریخ کو تبدیل کر رہے ہیں۔

فلم کی ٹیم نے بتایا کہ اب اسے رواں ماہ 18 تاریخ کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فلم کے پروڈیوسر اور مرکزی اداکار عمران ہاشمی نے مل کر فلم کی نئی ریلیز تاریخ کا اعلان کیا، اس موقع پر فلم ’ٹھاکرے‘ کے پروڈیوسر سنجے راؤٹ بھی موجود تھے۔

جبکہ بال ٹھاکرے کے پوتے ادیتیا ٹھاکرے بھی اس ایونٹ کا حصہ بنے۔

فلم ’چیٹ انڈیا‘ کے پروڈیوسر بھشن کمار سے اس موقع پر سوال کیا گیا کہ کیا شیو سینا جماعت کے دباؤ کی وجہ سے ریلیز کی تاریخ تبدیل کی گئی، تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کسی دباؤ کی وجہ سے تاریخ تبدیل نہیں کی، ہماری ایک ہی وجہ تھی اور وہ فلم کا بزنس ہے، یہ بالا صاحب ٹھاکرے کو خراج تحسین پیش کرنے کا ہمارا ایک انداز ہے‘۔

جبکہ بال ٹھاکرے کے پوتے نے کہا کہ ’اگر کسی قسم کا دباؤ ڈالا جاتا تو ہم ایک ساتھ اسٹیج پر نہیں بیٹھے ہوتے‘۔

خبریں ہیں کہ عمران ہاشمی کی فلم کے ساتھ ساتھ کنگنا رناوٹ کی فلم ’منی کارنیکا‘ کی ریلیز تاریخ بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی فائنل رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

فلم ’منی کارنیکا‘ کی 25 جنوری کو ریلیز کے حوالے سے ’ٹھاکرے‘ کے پروڈیوسر نے کہا کہ ’ہم نے اس فلم کے بارے میں نہیں سوچا، سب کا حق ہے اپنی فلمیں ریلیز کرنے کا، دونوں ہی فلمیں اہم ہیں اور سچی کہانی پر مبنی ہیں‘۔

ایک موقع پر بولی وڈ مسٹر پرفیکڑشنسٹ عامر خان سے ان فلموں کی ریلیز تاریخ کو تبدیل کرنے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو اداکار نے بھی اپنی رائے کا اظہار کردیا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ پروڈیوسرز کے لیے عام بات ہے کہ وہ ’ٹھاکرے‘ کے ساتھ اپنی فلم کا مقابلہ کرنے سے بچیں۔

اداکار کے مطابق ’میرا نہیں خیال کے مہاراشٹر میں بالا صاحب ٹھاکرے سے بڑا کوئی اور اسٹار ہے، اس لیے دوسرے پروڈیوسرز کے لیے فلم کی ریلیز کی تاریخ تبدیل کرنا ہی بہتر فیصلہ ہے‘۔

فلم ’ٹھاکرے‘ 25 جنوری اور ’چیٹ انڈیا‘ 18 جنوری کو ریلیز ہوںگی، جبکہ ’منی کارنیکا‘ کی فائنل ریلیز تاریخ سامنے نہیں آئی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close