بونی کپور کا سری دیوی کی زندگی پر فلم تیار کرنے کا فیصلہ، کاپی رائٹس حاصل کرلئے
ممبئی: بولی وڈ آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے انتقال کی خبروں نے گزشتہ سال صرف مداحوں کو ہی نہیں بلکہ پوری بولی وڈ انڈسٹری کو حیران کردیا تھا۔سری دیوی کی سوانح حیات پر مبنی فلم بننے کی خبریں بھی طویل عرصے سے سامنے آرہی ہیں، اور اب ان کے شوہر پروڈیوسر بونی کپور سری دیوی کی زندگی پر فلم تیار کررہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بونی کپور اپنی اہلیہ سری دیوی کی زندگی کی کہانی پر مبنی فلم کے کاپی رائٹس حاصل کرچکے ہیں تاکہ کوئی اور یہ فلم نہ بنا پائے۔ذرائع کے مطابق بونی کپور نے ایسا اس لیے کیا تاکہ صرف وہی اپنی اہلیہ کی زندگی پر فلم تیار کرسکیں بالکل اس طرح جس طرح وہ تیار کرنا چاہتے ہیں۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ بونی کپور اس فلم کا جلد اعلان کریں گے کیوں کہ وہ دیگر فلم سازوں سے قبل اس فلم کو سامنے لانا چاہتے ہیں۔سری دیوی کی زندگی پر کئی مصنف کتابیں لکھنے میں بھی مصروف ہیں، جبکہ بہت سے صحافیوں اور لکھاریوں نے اس حوالے سے بونی کپور سے رابطہ بھی کیا۔بونی کپور جلد ان میں سے کسی لکھاری کا اپنی اہلیہ کی زندگی پر فلم تحریر کرنے کے لیے انتخاب کریں گے۔